دی ہیگ ،یروشلم،برسلز:(مشرق نیوز)عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو رفح میں فوجی آپریشن فوری روکنے کاحکم دےدیا،عالمی عدالت کا2-13 کی اکثریت سے فیصلہ جسٹس نواف سلام نے پڑھ کرسنایا۔
فیصلے میں کہا گیا اسرائیل کی کارروائیوں سے غزہ شہر کا انفرا سٹرکچر مکمل طور پر تباہ ،ہزاروں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا سلسلہ اب بھی جاری ہے،غزہ سے لاکھوں افراد پناہ لینے رفح پہنچے تو اسرائیل نے وہاں بھی ملٹری آپریشن شروع کردیا،رفح میں انسانی صورتحال نہایت تکلیف دہ ہے،اسرائیل اپنے اقدامات و دلائل سے مطمئن نہیں کرسکا،گزشتہ فیصلے پر عملدرآمد کو بھی یقینی نہیں بنایا۔
عالمی عدالت انصاف نے کہا اسرائیلی فوج کوغزہ کے علاقے رفح میں فوجی کارروائیاں فوری طورپرروکنا ہوں گی،غزہ پٹی کے شہری انتہائی تشویشناک حالات سے دوچار ہیں،اسرائیل فوری طور پر رفح کی بارڈر کراسنگ کو کھولے،رفح میں فوجی آپریشن سے انتہائی افسوسناک انسانی سانحہ جنم لے سکتا ہے،اسرائیل ایک ماہ کے دوران غزہ کی پٹی میں صورتحال بہتربنانے کے اقدامات کی رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔
فیصلے میں کہا گیا بین الاقوامی تفتیشی ٹیم کے اراکین کو غزہ پٹی میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے،رفح میں اسرائیلی اقدامات سے فلسطینی عوام کو شدید خطرات لاحق ہیں،اسرائیل غزہ سے انخلا ءکےلئے حفاظتی اقدامات کرنے میں ناکام رہا،رفح میں لاکھوں فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی تھی،اسرائیلی زمینی آپریشن سے 8 لاکھ فلسطینی بے گھر ہوگئے،عدالت کے پچھلے احکامات کے بعد اب صورتحال بدل چکی ، اقوام متحدہ نے بارہا اسرائیلی آپریشن کے خطرات سے آگاہ کیا، اقوام متحدہ کے بتائے گئے خطرات عملی شکل اختیار کرنے لگے ہیں۔
سماعت کے موقع پر عدالت کے باہر فلسطینیوں کے حامی مظاہرین جھنڈے اور بینرزاٹھائے آزاد فلسطینی ریاست کا مطالبہ کرتے رہے۔
دریں اثنا اسرائیل نے نسل کشی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے فیصلہ ماننے سے انکار کردیا،اسرائیلی وزیرخزانہ سمٹریچ نے کہا جنگ بندی کے حکم پر کسی صورت عملدرآمد نہیں کیا جاسکتا،غزہ پٹی میں جنگ روکنے کا مطلب اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹانا ہے، وقت حماس کےساتھ کھڑے ہونے والوں کو بے نقاب کرے گا۔
اسرائیلی حکومت کے ترجمان نے کہا غزہ میں کارروائیاں اپنے دفاع میں کیں ،7اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کرنےوالے حماس کے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا،اسرائیلی حکومت کے ترجمان نے کہا زمین پر کوئی طاقت اسرائیل کو اپنے شہریوں کی حفاظت و غزہ میں حماس کا پیچھا کرنے سے نہیں روک سکتی۔
ادھر یورپی یونین نے فلسطین کو تسلیم کرنے کے سپین، ناروے ،آئرلینڈ کے اقدام کو یہود دشمنی قرار دینے پر اسرائیل کو کرار جواب دیتے ہوئے کہافلسطین کو تسلیم کرنا کہیں سے بھی یہود دشمنی نہیں ،اسرائیلی وزیر خارجہ غلط اندازے لگا رہے ہیں،جوزف بوریل نے مزید کہا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا جیسے حماس کی حمایت نہیں بالکل ویسے ہی یہود دشمنی بھی نہیں ،امن کی جانب پیشرفت ہے۔
اسرائیل رفح میں فوجی آپریشن فوری روکے،عالمی عدالت انصاف کاحکم

















