قصور: توہین عدالت کیس، واپڈا افسروں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

قصور: (مہر حسن حسین) توہین عدالت کیس میں واپڈا افسران کے ناقابل ضمانت ورانٹ گرفتار ی جاری،سول جج کلاس 1 قصور نے عارضی فیصلہ سناتے ہوئے تنخواہیں بند کرنے اورسرکاری گاڑیا ں استعمال کرنے پر پابندی کے آرڈر بھی دے دئیے۔

صائمہ پرویز بٹ سول جج کلاس 1 قصور نے توہین عدالت کیس میں عارضی فیصلہ کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو لیسکو، ایکسین سٹی سرکلر ضلع قصور، ریونیو آفیسر سول ایریا ضلع قصور، ایس ڈی او سول ایریا ضلع قصور کی تنخواہیں بند کرنے کے آرڈر جاری کر دیے اور ان افراد پر سرکاری گاڑیاں استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ۔

صائمہ پرویز بٹ سول جج قصور نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے بیلف قصور اور ایس ایچ او کو متعلقہ واپڈا والوں کو گرفتار کر کے 27مئی 2024ءکو عدالت میں پیش کرنے کا حکم صادر فرماتے ہوئے مزید ان واپڈا اہلکاروں کو اگر یہ لوگ سرکاری گاڑیاں استعمال کریں تو ان کی تمام گاڑیاں ضبط کرنے کا حکم صادر فرمایا۔مذکورہ کیس اشرف بنام واپڈا چل رہا ہے ، فیصلے پر مدعی اشرف اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کیلئے پر امید ہے ۔