مکہ مکرمہ (مشرق نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ پاکستان حج مشن عازمین حج کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مثالی کام کر رہا ہے۔ وہ مکہ مکرمہ میں میں قائم پاکستان حج مشن میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ عازمین حج کی سہولت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،ڈی جی حج نے وفاقی وزیر کو جاری حج آپریشن 2024 سے متعلق بریفنگ دی۔ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن بریگیڈیئر جمیل لاکھیر، ڈائریکٹر معاونین اصغر یوسفزئی، ڈائریکٹر حج مکہ فہیم آفریدی اور دیگر افسران اجلاس میں موجود تھے۔ قبل ازیں پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ پہنچنے پر ڈی جی حج عبد الوہاب سومرو نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امورچوہدری سالک حسین نے مکہ مکرمہ میں منیٰ، عرفات اور مزدلفہ کا دورہ کیا اور پاکستانی عازمین کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔چوہدری سالک نے کہا کہ پاکستانی عازمین کو حج کے دوران بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ عازمین حج کی خدمت عبادت ہے،عازمین حج کو پہلے سے زیادہ بہترین سہولیات دی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے کمپنی کو ہدایت کی کہ منیٰ کے خیموں میں گرمی سے بچنے کیلئے انتظامات کئے جائیں۔ اس موقع پر پاکستان حج مشن اور سعودی حکام نے وفاقی وزیر کو پاکستانی عازمین حج کو دی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ رواں سال تمام سرکاری عازمین حج کو مشاعر ٹرین کی سہولت دی جائے گی۔
پاکستان حج مشن عازمین کو سہولیات فراہمی کیلئے مثالی کام کر رہا ہے:سالک حسین
















