ہائی سٹریٹ، علامہ اقبال روڈ کا تعمیراتی کام بلاتاخیر مکمل کیا جائے: کمشنر ساہیوال

ساہےوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا ہائی سٹریٹ اور علامہ اقبال روڈ پر لگائی جانے والی ٹف ٹائل کے کام میں سست روی پر اظہار ناراضگی،پورے ہفتے کوئی کام نہیں ہوا،متعلقہ انچارج کے خلاف کارروائی کی ہدایت،دونوں اہم سڑکوں کے باقی کام کو بلا تاخیر مکمل کیا جائے،کمشنر کی ہدایت، اگلے مرحلے میں ریلوے روڈ کی تعمیر نو شروع ہو گی،کمشنر شعیب اقبال سید۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد اور پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔انہوں نے مشن ہسپتال اور فرید ٹاون روڈ پر قائم نجی سکولوں کے سامنے گاڑیوں کی غلط پارکنگ اور ٹریفک مسائل پر بھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سی او کارپوریشن کو ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس کے تعاون سے ان مسائل کا مستقل حل نکالا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکپتن روڈ پر جاری سیوریج کے کام کو تیز کیا جائے اور جہاں پائپ بچھائے جا چکے ہیں وہاں کارپیٹنگ شروع کر دی جائے۔ اجلاس میں سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ مڈھالی روڈ کے کل 9640فٹ میں سے 7800 فٹ پر پتھر ڈالا جا چکا ہے جبکہ باقی کام اگلے دو دنوں میں مکمل کر کے کارپیٹنگ شروع کر دی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ فرید ٹاون روڈپر 54انچ قطر کی سیوریج لائن ڈالنے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے اور اب تک 680میں سے137پائپ ڈالے جا چکے ہیں جو کل کام کا 20فیصد ہے۔