پاکستان جمہوری ملک ہے،کوئی بادشاہت نہیں،چیف جسٹس


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ترقیاتی منصوبوں پر سیاستدانوں کی تختیاں لگانے پر پھر پابندی عائد،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے پاکستان جمہوری ملک ہے،کوئی بادشاہت نہیں،سپریم کورٹ نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو سپریم کورٹ کے 2021 کے فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے 2 ہفتے میں وفاقی و صوبائی حکومتوں سے عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت عظمیٰ نے خیبرپختونخوا حکومت سے ترقیاتی فنڈز آئین و قانون کے مطابق خرچ کرنے کی رپورٹ بھی مانگ لی،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اپنی جیت سے ترقیاتی کام کرائیں تو پھر اپنے نام کی تختی لگا لیں،پاکستان جمہوری ملک ہے ،کوئی بادشاہت نہیں،عوام کسی حکمران کی رعایا نہیں ، کیا عوام کا پیسہ آئین و قانون کے برخلاف خرچ کیا جا سکتا ہے؟۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ذاتی تشہیر و ترقیاتی فنڈز کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، غریب عوام نے آخر حکومتوں کا بگاڑا کیا ہے؟ مقابلہ کرنا ہے تو اس بات پر کریں کس سیاستدان نے کتنا انکم ٹیکس دیا ،کیا آئین اجازت دیتا ہے اسمبلی کی منظوری کے بغیر پیسہ خرچ کیا جا سکے؟ ممبران اسمبلی کیوں جاتے ہیں اور الیکشن کیوں لڑتے ہیں؟ اسمبلی جانے کا بنیادی مقصد قانون سازی و فنڈز خرچ کرنے کی اجازت لینا ہوتا ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا اسمبلی سے کیوں ڈرتے ہیں؟ فنڈز خرچ کرنے ہیں تو اسمبلی سے منظوری لیں، لوگوں کو بھی علم ہو پیسہ کہاں خرچ ہو رہا ہے، آخر کب پاکستان کو درست سمت چلائیں گے؟ اراکین اسمبلی نے لینڈ کروزر لینی ہو تو فوری پیسے نکل آتے ہیں، لینڈ کروزر خریدنے کےلئے اسمبلی سے منظوری لیں، کیوں سیاستدانوں کے نام پر سکیمیں بنائی جاتی ہیں؟،کسی نے کچھ کرنا ہے تو اپنی جیب سے کرے، امریکہ میں تعلیمی ادارے لوگوں نے اپنی جیب سے بنائے ، آزادی کا مطلب ہے آزاد لوگ، ایک کی غلامی چھوڑ کر دوسرے کی نہیں پکڑنی، اپنی جیب سے پیسے خرچ کرے کام کرائیں تواتختی ضرور لگائیں،جسٹس قاضی فائز نے کہاچین میں وزیر سے اراکین اسمبلی تک سب سائیکل پر جاتے ہیں ہم لینڈ کروزر خریدنے میں لگے ہیں جو کام پرویز الٰہی کے دور میں ہو رہا تھا پنجاب میں اب بھی وہی کام ہو رہا ہے، منصوبوں پر فیتہ کاٹ کر کریڈٹ کیوں لیا جاتا ہے؟ تختیاں آزادی کےلئے لڑنے والوں کے نام کی لگائیں۔