سٹرکوں کی تعمیرومرمت کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے:سندس ارشاد

حافظ آباد:(محمد نواز )ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سندس ارشاد نے پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پنڈ ی بھٹیاں، جلالپور بھٹیاں روڈ کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا،ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال اور ٹراماسنٹر کا بھی دورہ کیا،جہاں ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی،صفائی ستھرائی، ٹراماسنٹر اور ہسپتال میں ضروری نوعیت کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا،ڈپٹی کمشنر نے 2825ملین کی لاگت سے حافظ آباد، جلالپور بھٹیاں، پنڈی بھٹیاں روڈ کی تعمیر و مرمت کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا،اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ تصو ر عباس اور محکمہ ہائی ویز کے افسران نے انہیں اس اہم عوامی،فلاحی منصوبے پر بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے موقع پر کھڑے ہو کر کارپٹنگ اور دیگر تعمیراتی کام کو چیک کیا،اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی سٹرکوں کے ان اہم منصوبوں کو مقررہ مدت میں بروقت مکمل کیا جائے، سٹرکوں کی تعمیرومرمت میں استعمال ہونے والے میٹریل کو ہر لحاظ سے کوالٹی کے مطابق برقرار رکھا جائے،ناقص اور غیر معیار ی میٹریل کے استعمال کی ہر گز اجازت نہیں ہو گی،ڈپٹی کمشنر نے پنڈی بھٹیاں سٹی اور چنیوٹ روڈ کا بھی جائزہ لیا۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال اور ٹراماسنٹر کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کو دستیاب علاج معالجہ کی سہولیات، ادویات کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں داخل مریضوں اور انکے لواحقین سے علاج معالجہ کی فراہمی بارے فیڈ بیک بھی لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال اور ٹراماسنٹر میں جاری تعمیر ومرمت کے ضروری کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ محکمہ بلڈنگ کے افسران کو ہدایت کی کہ انہیں جلد از جلد مکمل کیا جائے تا کہ ٹراماسنٹر کو عوام کی سہولت کے لیے فنکشنل بنایا جائے سکے۔