شیخ وقاص اکرم چیئرمین پی اے سی کیلئے نامزد،پارٹی کوہائی جیک نہیں ہونے دوںگا:شیر افضل مروت

اسلام آباد(بیورورپورٹ) پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے شیخ وقاص اکرم کو چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی نامزد کردیا،قومی اسمبلی میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے معاملے پر تحریک انصاف کنفیوژن کا شکار نظر آئی ، پہلے شیر افضل مروت پھر صاحبزادہ حامد رضا جبکہ اب پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے جھنگ سے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کیلئے نامزدکردیا جس کےلئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو تحریری طور پر بھی آگاہ کریں گے،سیاسی کمیٹی کے فیصلے سے چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کو آگاہ کردیا گیا ہے جبکہپی ٹی آئی کی جانب سے شیخ وقاص اکرم کو بطور چیئرمین پی اے سی نامزد کرنے پر شیر افضل مروت برہم ہوگئے اور معاملہ بانی کے سامنے رکھنے کا اعلان کر دیا،شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میں آج عمران خان سے ملاقات کروں گا اور ان کے نام پر ہونے والے فراڈ سے آگاہ کروں گا، بانی پی ٹی آئی نے چیئرمین پی اے سی کی نامزدگی کا معاملہ سیاسی کمیٹی کو فیصلے یا ووٹنگ کےلئے ریفر نہیں کیا اور نہ ہی اب تک مجھے چیئرمین بنانے کا اپنا فیصلہ تبدیل کیا ہے،مجھے نہ تو کمیٹی کے اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور نہ ہی ا ایجنڈے میں ایسی کوئی چیز تھی، آج خان صاحب سے ملاقات کے بعد آپ سب کو آگاہ کروں گا، پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے راجواڑہ نہیں اور میں اسے ہائی جیک نہیں ہونے دوں گا۔