گلبرگ ریونیو ٹاﺅن میں آر ایف آئی غیرفعال، اختیارات و سرکاری ریکارڈ پرائیویٹ شخص کے سپرد

لاہور(قمر عباس نقوی) واسا ڈائریکٹر ریونیو کی پراسرار خاموشی، ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو گلبرگ کی طرف سے ٹاﺅن میں تعینات آر ایف آئی کو غیر فعال کرتے ہوئے اختیارات و سرکاری ریکارڈ پرائیویٹ شخص کے سپرد، ڈی ڈی آر کی طرف سے نوازشات کی مد میں مبینہ رشوت وصول کرنے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق واسا شعبہ ریونیو میں تعینات ڈائریکٹر ریونیو کی پر اسرار خاموشی، عاصم منیر کی طرف سے گلبرگ ٹاﺅن میں سرکاری ملازمین کا استحصال،سرکاری ذمہ داریوں پر پرائیویٹ شخص کو مامور کرکے مبینہ طور پر مالی فائدہ حاصل کررہا ہے۔ ذرائع کے مطابق چند روز قبل پرائیویٹ شخص رمضان کی جانب سے لارنس روڈ بورڈ آفس کے بالمقابل ہوٹل مالکان کو بلیک میل کرتے ہوئے رشوت وصولی کی منصوبہ بندی اختیار کی جارہی تھی۔ مبینہ طور پررفیق ٹی سٹال اینڈ ہوٹل کے ذمہ واسا کے بقایاجات کے ساتھ دو واٹر کنکشن کا انکشاف کیا گیا ہے جس پر پرائیویٹ شخص اور ہوٹل انتظامیہ کے ساتھ بحث و تکرار کی گئی محمد رمضان کی طرف سے بطور واسا ملازم کے طور پر تعارف کروایا گیا ہے اس کے علاوہ گلبرگ ٹاﺅن ریونیو میں آر ایف آئی اسلام واحد کو غیر فعال کرتے ہوئے ریٹائرڈ بی آر او رمضان کو اختیارات سمیت سرکاری ریکارڈ فراہم کر رکھا ہے جو کہ غیر قانونی اقدام ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وارڈ نمبر 299میں ورک چارج اے ایف آئی عمران کی جگہ پرائیویٹ شخص سے کام چلاتے ہوئے ورک چارج ملازم کو گھر بیٹھا کر تنخواہ کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی ڈی آر گلبرگ کی جانب سے پرائیویٹ شخص رمضان کو مکمل طور پر اختیارات دے رکھے ہیں جس میں سرکاری ریکارڈ میں تبدیلی کرنے بھی شامل ہے، کمرشل پراپرٹیز کی نوعیت اور اس کے بلز میں ردو بدل کرنے کی مد میں فیس مقرر کر رکھی ہے، اسکی منظوری کی خاطر ڈپٹی ڈائریکٹر کی جانب سے کسی قسم کی تاخیر نہیں کی جا رہی جس کی مد میں پرائیویٹ شخص کی طرف سے ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو گلبرگ ٹاﺅن کو حصہ دینے کاانکشاف کیا گیا ہے جس سے محکمہ کو مالی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ڈائریکٹر ریونیو کی سفارش پر انتظامیہ کی جانب سے گلبرگ ٹاﺅن میں دو ڈپٹی ڈائریکٹرز کو تعینات کر رکھا ہے جن میں ایک ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو شامل ہیں۔واسا ترجمان کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ شخص کو سرکاری ریکارڈ سپرد کرنا جرم ہے، اس پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ گلبرگ ریونیو کے ڈپٹی ڈائریکٹر عاصم منیر کی جانب سے اگر ایسا کیا گیا ہے اس پر ڈائریکٹر ریونیو سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے انکوائری کی جائیگی اور جرم ثابت ہونے پر معاف نہیں کیا جائیگا۔