پی ٹی آئی کااصل چہرہ بے نقاب،گنڈا پورشوق پورا کریں،عقل ٹھکانے لگا دیں گے،رانا تنویر

مریدکے :(طاہر محمود)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ شہریار آفریدی کے فوجی قیادت سے ملاقات کے بیان نے پی ٹی آئی کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا۔انہوں نے کہا کہ عمران اینڈ کمپنی پہلے بھی اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں آئی تھی اور اب پاو¿ں پڑنے کی کوشش کررہی ہے۔

ایم این اے رانا احمد عتیق انور، ایم پی اے رانا افضال حسین،مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما چودھری محمد ارشد ورک، سابق چیئرمین میاں شبیر احمد، وائس چیئرمین رانا ماجد نواز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا کہ پی ٹی آئی جب تک سیاسی سوچ پیدا نہیں کرے گی اس کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی بات چیت کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے رکھتے ہیں۔وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کی باتیں پاگل پن ہیں جو ان کی فاشسٹ ذہنیت کی عکاسی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے اسلام آباد پر چڑھائی کا شوق پورا کر لیں اگلے ہی روز گورنر راج لگا کر عقل ٹھکانے لگا دیں گے۔

رانا تنویر نے کہا کہ گرین پاکستان انیشیٹو کانفرنس میں تمام قوتوں نے مل کر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کا اعادہ کیا ہے اور افواج پاکستان عوامی حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔وفاقی وزیر صنعت و پیداوار نے کہا کہ عمران خان حکومت نے ملک کو انتہائی مشکلات میں پھنسنے کے دوران من پسند افراد کو 3 بلین ڈالر کے بلا سود قرضے جاری کئے جن کے نام سامنے آنے چاہئیں لیکن عمران حکومت کا قانون سٹیٹ بینک سے نام حاصل کرنے میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت وہ نام سامنے لانے کی پوری کوشش کر رہی ہے تا کہ ملکی وسائل سے استفادہ حاصل کرنے کے با وجود اس کی جڑیں کھوکھلی کرنے والوں کے چہرے بے نقاب ہو سکیں۔ سولر سسٹم پر ٹیکس لگانے کی خبروں کے بارے سوال کے جواب میں رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ فیک نیوز کے خلاف سخت کارروائی کا قانون ایک دو روز کی دوری پر ہے جس میں سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں، فیک نیوز کے ذریعے ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نپٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یوریا کھاد کی قیمت میں بلاجواز اضافہ واپس کرائیں گے اور کسی کو بھی ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔