قونصلیٹ جنرل نیویارک آفس کے دروازے پاکستانیوں کیلئے بند، اوورسیز دربدر

نیویارک (خواجہ فاروق) قونصلیٹ جنرل نیویارک آفس کے دروازے پاکستانیوں کیلئے بند، اوورسیز مسائل کے حل کیلئے دربدر، دیارغیر میں مقیم ہم وطنوں نے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق قونصل جنرل نیویارک عامر خان اتوزئی نے پاکستانیوں کیلئے آفس کے درواز ے بند کرکے ملازمین کو مبینہ لوٹ مار کی کھلی چھوٹ دیدی، مک مکا کرنیوالوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی، بغیر چمک کوئی بھی کام نہ ہونا معمول بن گیا۔ اوورسیز پاکستانیز مسائل کے حل کیلئے دربدر پھرنے لگے۔ ممتاز قانون دان چودھری افتخار تارڑ، چودھری ایم علی، چودھری ارسلان، ڈاکٹر افضل اور ڈاکٹر ساجد نے ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قونصلیٹ جنرل نیویارک آفس کے عملے نے عامر خان اتوزئی کی سربراہی میں اوورسیز کو بے یارومددگار چھوڑ دیا۔ قونصل جنرل پاکستانیوں سے ملنا تو دور بات کرنا تک گوارا نہیں کرتے ہیں۔ قونصلیٹ آفس میں پاسپورٹ، شناختی کارڈ سمیت ہر کام آن لائن ہونے کے باوجود عملے کی تعیناتی سوالیہ نشان ہے، بغیر کسی کام کے لاکھوں ڈالر تنخواہ وصول کرنے والے عملے نے مسائل حل کرنے کی بجائے اوورسیز کی مشکلات مزید بڑھا دیں۔ پاکستانی امریکن بچوں اور بچیوں کو پاکستان کےلئے وزٹ ویزا لینا ایسے ہی ہے جیسے امریکہ میں گرین کارڈ حاصل کرنے کےلئے تگ و دو کی جاتی ہے، پاکستانی خاتون فاطمہ خان، زکیہ بیگم نے کہا وہ اپنے بچوں اور بھائی کےلئے پاکستانی قونصلیٹ میں وزٹ ویزا کےلئے اپلائی کرنے گئے تو ڈیوٹی پر موجود خاتون اہلکار نے بدتمیزی کر تے ہوئے کہا پرانے پاکستانی پاسپورٹ ساتھ لیکر آو پھر آپ کو وزٹ ویزا دیا جائیگا، ویزا ایپلی کیشن منہ پر دے ماری۔ قونصلر جنرل نیویارک عامر اتو زئی سے ملنے کی کوشش کی تو سکیورٹی عملے نے ملانے سے انکار کردیا، پاکستانی اوورسیز کمیونٹی نے کہا عملہ اوورسیز سے ملنا تو در کنار فون سننا بھی گوارا نہیں کرتا۔ افتخار تارڑ، چودھری ایم علی و دیگر نے کہا عملے کی تعیناتی قومی خزانے پر بڑا بوجھ ہے، لاکھوں ڈالر تنخواہ کی مد میں ادائیگی صرف پیسے کا ضیاع ہے، امریکہ سمیت دنیا بھر میں خزانے پر بھاری تمام قونصلیٹ دفاتر بند کرکے پیسہ ملکی ترقی و خوشحالی پر خرچ کیا جائے۔