لاہور (نوید چودھری) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا شعبہ ریسورس جنریشن اہل اور بہتر پالیسی ساز افسروں کی شدید کمی کا شکار ہونے سے ہاﺅسنگ سوسائٹیوں سے ماہانہ کروڑوں روپے کی آمدن اکٹھی کرنے سے محروم ہو کر رہ گیا۔ کمپنی کے ”استاد“ افسروں نے کروڑوں روپے کی مالی بد عنوانیوں پر پردہ پوشی کےلئے وزیر اعلیٰ سمیت وزیر و سیکرٹری بلدیات اور ارباب اختیار کو مین شاہراہوں پر صفائی آپریشن کے فراڈ میں الجھا کر رکھ دیا ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے ڈیپارٹمنٹ ریسورس جنریشن کی جانب سے بحریہ ٹاﺅن، واپڈا ٹاﺅن سمیت اکا دکا مزید سوسائٹیوں سے کوڑا اٹھا کر عارضی ڈمپنگ سٹیشن پر پھینکنے کے چکر میں مبینہ طور پر 10لاکھ روپے تک کی ماہانہ آمدن اکٹھی کی جارہی ہے تاہم عارضی ڈمپنگ سٹیشنوں سے کوڑا اٹھوا کر لکھو ڈیر پہنچانے پر الگ سے ٹھیکیدار کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں جس پرآنے والے اخراجات کی مالیت تقریباً ایک کروڑ روپے ماہانہ تک جاپہنچتی ہے جس کی وجہ نااہل اور سفارشی افسروں کی شاطر چالیں ہیں جو اس شعبے کو ماہانہ کروڑوں روپے کے نقصان میں مبتلا کرتی چلی جارہی ہیں۔ حالیہ حقائق کے بعد بھی جنرل منیجر ریسورس جنریشن الطاف ایل ڈبلیو ایم سی کو پہنچنے والے بھاری مالی نقصان پر نہ صرف مطمئن ہیں بلکہ ان معاہدوں کے ذریعے چند لاکھ روپے اکٹھی ہونے والی آمدن سے زائد اخراجات پر کامیابی کے راگ الاپتے دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم دوسری جانب چند کی بجائے اگر لاہور کی تمام 300 کے لگ بھگ ہاﺅسنگ سوسائٹیوں سے ایل ڈبلیو ایم سی خود کوڑا اٹھا کر براہ راست لکھوڈیر پہنچائے تو اخراجات سے کہیں زیادہ آمدن اکٹھی ہو سکتی ہے البتہ اس کام کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کے پاس وسائل کی بھی کوئی کمی نہ ہے لیکن نجانے ریسورس جنریشن ڈیپارٹمنٹ اپنے بنیادی مقصد ذرائع آمدن کو مستحکم کرنے کے فارمولے سے کیوں بھاگ رہا ہے اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی آمدن کو بڑھاوا دینے کی بجائے نقصان میں مبتلا کرنے کی ڈگر پر چل نکلا ہے۔
ایل ڈبلیو ایم سی ہاﺅسنگ سوسائٹیوں سے ماہانہ کروڑوں کے ریونیو سے محروم
















