گنڈا پور سمیت تمام ملزم تھانہ بنی گالہ میں درج مقدمے سے بری

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)مدعی سے راضی نامہ،عدالت نے علی امین گنڈا پور سمیت تمام ملزموں کو تھانہ بنی گالہ میں درج مقدمے سے بری کردیا،سول جج قدرت نے کیس پرسماعت کی۔

وکیل مدعی نے عدالت کو بتایا علی امین گنڈا پور 109 کی حد تک تھے، کمپرومائز ہوچکا ، نامزد ملزموں کو بھی معاف کردیا ،عدالت کی جانب سے بیرون ملک ہونے کے باعث متاثرہ شخص ولید کا آن لائن بیان لیا گیا، عدالت نے ولید سے استفسار کیا مقدمے میں آپ نے راضی نامہ کرلیا ، ولید نے بیان دیا جی میں نے فی سبیل اللہ معاف کردیا ،بعد ازاں عدالت نے علی امین گنڈا پور سمیت تمام ملزموں کو بری کردیا۔

دریں اثنااسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں پی ٹی آئی رہنماو¿ں کی عبوری ضمانت میں 6 مئی تک توسیع کر دی،علی امین گنڈاپور، قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سینٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز سمیت دیگر رہنما جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں پیش ہوئے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورکیخلاف آڈیولیکس کیس کی سماعت ہوئی،وزیر اعلیٰ عدالت میں پیش ہوئے ،سیشن کورٹ نے حاضری لگا کر جانے کی اجازت دےدی ،عدالت نے فرد جرم آئندہ تاریخ 25 مئی تک موخر کردی۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاجی ریلی نکالنے پر پی ٹی آئی قیادت کےخلاف تھانہ کراچی کمپنی میں مقدمہ درج کرلیا،ایف آئی آر میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر علی خان، سیکرٹری پی ٹی آئی و قائد حزب اختلاف جنرل عمر ایوب ،عامر ڈوگر ،شعیب شاہین، علی بخاری اور عامر مغل سمیت 150افراد نامزد ہیں۔

مزید برآںعدالت کے باہر صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا پی ڈی ایم ٹو کا تجربہ کامیاب نہیں ہوگا، شریف فیملی کی معیشت تو ٹھیک ہوجائے گی لیکن ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہو گی،لانگ مارچ پر عمران خان کافیصلہ قبول ہوگا۔