حکومت کو مذاکرات کی دعوت،فوج آئینی حدود میں کام کرے، اپوزیشن گرینڈ الائنس

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) اپوزیشن گرینڈ الائنس نے حکومت کو مذاکرات کی دعوت دےدی اور ملک بھر میں جلسوں کااعلان کردیا۔

اپوزیشن گرینڈ الائنس اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاواضح کردوں الائنس کسی ادارے کےخلاف نفرت پھیلانے نہیں بلکہ پاکستان بچانے کےلئے بنایا گیا ، ملک خطرناک ترین دور سے گزر رہا ہے ،پاکستان کوبحرانوں سے اجتماعی سوچ کے ذریعے ہی نکالا جاسکتا ہے،ادارے آئین کے دائرے میں چلیں گے توبہترین ملک بنے گا، اتحاد کے بائی لاز کی تیاری کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔

محمود اچکزئی نے کہاجس سے پوچھو وہ یہی کہے گا پی ٹی آئی 8 فروری کا الیکشن جیت چکی ،فوج یا ایجنسی سے کوئی اختلاف نہیں ،سمجھتے ہیں کوئی ملک بھی ایجنسیوں کے بغیر نہیں چل سکتا، مطالبہ ہے فوج آئینی دائرے میں رہتے ہوئے اپنا کام کرے،گرینڈ الائنس میں ہر جماعت کا نمائندہ موجود ہے،پی ٹی آئی کے نمائندے کو کوآرڈینیٹر بنانے پر اتفاق ہوا۔

سربراہ اپوزیشن اتحاد نے کہاملک بھر میں جلسے کرنے کا فیصلہ کرلیا،5مئی کو کراچی میں جلسہ ہوگا، پھر 10مئی کو فیصل آباد میں پنڈال سجائیں گے،شہباز شریف نے کہا تعاون ہونا چاہیے لیکن میں کہتا ہوں آئیے 2 ،2نمائندے منتخب کریں اور بیٹھ کر بات کریں، پی ٹی آئی کوآمادہ کر لوں گا ،تمام فیصلے ،پالیسیاں پارلیمنٹ میں بننی چاہئیں۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہاحساس اداروں کو آئین کے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہئے، ریٹرننگ افسر کے دفتر میں جانے ہی نہیں دیا گیا، بشریٰ کو زہر دیئے جانے کے بعد طبیعت خراب ہوئی ،سابق خاتون اول کورہائی ملنی چاہئے۔