لندن (مشرق نیوز) برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے کہا ہے کہ سیاسی پناہ گزینوں کو جلد روانڈا منتقل کیا جائیگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک پریس کانفرنس میں رشی سونک نے کہا کہ پناہ گزینوں کو لیکر پہلی پرواز 10 سے 12 ہفتوں میں روانہ کی جائیگی ، روانڈا بھیجنے کیلئے ایک ایئر فیلڈ سٹینڈ بائی کے طور پر موجود ہے، کمرشل پروازیں بھی تیار ہیں۔ برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو لوگ غیرقانونی طریقے سے برطانیہ پہنچے اور اب سیاسی پناہ کی تلاش میں ہیں ان کیلئے برطانیہ میں کوئی جگہ نہیں۔ اس حوالے سے برطانوی حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ اقدام چینل کراسنگ کو روکے گا اور لوگوں کے سمگلروں کے کاروباری ماڈل کو تباہ کریگا لیکن ناقدین کا کہنا ہے کہ لوگوں کو روانڈا بھیجنے کا منصوبہ غیر انسانی ہے اور مشرقی افریقی ملک محفوظ جگہ نہیں ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولک ترک نے کہا تھا کہ برطانیہ آنے والے پناہ گزینوں کو روانڈا منتقل کرنے کیلئے بنایا گیا مجوزہ قانون بنیادی قانونی اصولوں اور انسانی حقوق سے متضاد ہے۔
سیاسی پناہ گزینوں کو جلد روانڈا منتقل کیا جائیگا : برطانوی وزیراعظم رشی سونک

















