ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے پسپ حکام سے شہر کی سڑکوں کی مرمت کا شیڈول طلب کر لیا، سیوریج پائپ بچھانے کیلئے کھودی گئی سڑکوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈی جی پی ایچ اے اکرام ملک،اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔انہوں نے گرلز کالج روڈ پر پیچ ورک کو بھی فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ فتح شیر روڈ پر کرب سٹون لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے جسے 10مئی تک مکمل کر لیا جائیگا۔ کمشنر نے ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے چینی کمپنی کی طرف سے کام بند کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور پسپ حکام کو ہدایت کی کہ اب تک کئے گئے کام کی ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے تاکہ باقیماندہ کام شیڈول کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا سخت ایکشن،ناقص کارکردگی پر گورنمنٹ کالج ساہیوال سنٹر کا تمام امتحانی عملہ تبدیل، کنٹرولر امتحانات کو فوری نیا امتحانی عملہ تعینات کرنے کا حکم بھی دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے گورنمنٹ کالج ساہیوال سنٹر کے تمام امتحانی عملہ کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے تمام عملے کو فوری تبدیل کرنے کی ہدایت کر دی -انہو ںنے چیکنگ کے دوران ناقص کارکردگی پر تبدیلی کے احکامات جاری کئے گئے ۔اس موقع پر انہو ںنے مزید کہا کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات کی شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، بوٹی مافیا اور نقل مافیا کے خلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام امتحانی مراکز کا عملہ ذمہ داری اور فرض شناسی سے کام کرے۔دوسری طرف ورلڈ ارتھ ڈے کی مناسبت سے ساہیوال ضلع کونسل میں محکمہ ماحولیات ساہیوال کی جانب سے ایک سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ساہیوال میں بھی ورلڈ ارتھ ڈے منایا گیا اور اس سلسلہ میں مختلف تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا۔ ورلڈ ارتھ ڈے کی مرکزی تقریب محکمہ ماحولیات ساہیوال کی جانب سے ضلع کونسل ہال میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید تھے۔ تقریب میں سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے بھرپور شرکت کی،سیمینار میں مختلف محکمہ جات کے سربراہان نے بھی بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر کمشنر ساہیوال کا کہنا تھا آج ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ پلاسٹک سے بنے شاپر اور دیگر اشیا کو اپنی روزمرہ زندگی سے نکال باہر کریں کیونکہ یہ پلاسٹک شاپنگ بیگ صدیوں تک ضائع نہیں ہوتا اور ہمارے ماحول کو آلودہ کرتا ہے۔مقرر جلیل بٹ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ صرف ہمارے اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ فرد واحد کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا فرض پورا کرے اور پلاسٹک کے شاپنگ بیگ کا استعمال ترک کرے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات ساہیوال میڈم سویرا کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی مہم''سے نو ٹو پلاسٹک'' کا حصہ بنیں اور اس مہم کو کامیاب کریں کیونکہ یہ ہماری انے والی نسلوں کا سوال ہے۔ اخر میں ضلع کونسل حال سے ڈی سی چوک تک واک بھی کی گئی۔
بوٹی اور نقل مافیا کے خلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا:کمشنر ساہیوال
















