امریکہ میں لاہور کا شہری 40 برس کی سزا پوری کرنے کے باوجود قید ،بستر مرگ پر پڑی بزرگ والدہ بیٹے کی منتظر

نیویارک (خواجہ فاروق)امریکہ میں سفارتی نااہلی کی ایک اور تاریخ رقم، لاہور کا شہری 40 برس کی سزا پوری کرنے کے باوجود پابند سلاسل، بستر مرگ پر پڑی بزرگ والدہ بیٹے کی منتظر، محمود الحسن ولد غلام رسول کی بہن اور خالہ رقیہ بیگم نے وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے مدد کی اپیل کردی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں1980ءمیں گرفتار ہونیوالا لاہور کا رہائشی محمود الحسن ولد غلام رسول امیگریشن آئی ڈی نمبر A-026201272 سفارتکاروں کی نااہلی کے باعث 40 سال کی سزا پوری ہونے کے باوجود امیگریشن جیل پنسلوانیا پائک کوریکشن سینٹر میں قید ہے، ڈی پورٹ احکامات جاری ہونے کے باوجود محمود الحسن رہائی کیلئے کسی مسیحا کا متلاشی ہے، پاکستانی سفارتخانہ، قونصلیٹ واشنگٹن ڈی سی اور قونصلیٹ نیویارک والوں نے مدد کی بجائے امیگریشن کاغذات روک کر مشکلات مزید بڑھا دیں۔ دونوں قونصلیٹ کی حدود کے تنازع میں پاکستانی امریکن کسی مسیحا کا منتظر ہے۔ ذرائع کے مطابق قونصلر ڈیپوٹیشن جنرل پاکستان نیویارک عثمان گورایہ اور اسسٹنٹ ثقلین نے جیل میں قیدی سے ملاقات کی اور کسی بھی قسم کا تعاون کرنے سے معذرت کرلی اور کہا یہ ہماری حدوود میں نہیں، یہ واشنگٹن ڈی سی ایمبیسی کی حدود میں جیل ہے۔ اطلاعات کے مطابق قونصلر عثمان گورایہ کو تبدیل کردیا گیا، عثمان گورایہ نے اپنی تعیناتی کے دوران کبھی بھی کسی کے کام آنا گوارا نہ کیا۔عاصم اسسٹنٹ ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ واشنگٹن ڈی سی بھی تعاون کرنے گریزاں ہے۔ محمود الحسن کی بہن نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھائی کا40 برس کی قید پوری ہونے کے باوجود رہا نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے، پاکستانی سفارتخانے، قونصلیٹ کا عملہ تعاون کرنے سے انکاری ہے، امیگریشن کاغذات تک دبا لئے گئے، بزرگ والدہ طبیعت ناساز ہونے کے باعث ہسپتال میں آخری سانسیں لے رہی ہیں اور اپنے بیٹے کی شکل دیکھنے کی منتظر ہیں، محمود الحسن کی بہن او رخالہ رقیہ بیگم نے دہائی دیتے ہوئے کہا خدارا رحم کریں، محمود الحسن کی رہائی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ بستر مرگ پر پڑی والدہ اپنے بیٹے کا دیدار کرسکے۔ وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔ دریں اثناءممتاز قانون دان چودھری افتخار تارڑ، چودھری ایم علی، چودھری ارسلان، ڈاکٹر افضل اور ڈاکٹر ساجد نے ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا امریکہ میں مقیم اوورسیز پاکستانیز اپنوں کے ظلم کاہی شکار ہیں۔ نااہل”ٹرائیکا“ اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم، سفیر سردار مسعود خان اور قونصل جنرل نیویارک عامر خان اتوزئی اوورسیز پاکستانیوں و کشمیریوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے مفادات کے حصول میں مصروف ہیں، سزا پوری کرنے والے پاکستانیوں کا رہائی احکامات ملنے کے باوجود بدستور قید کاٹنا سفارتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے، سفارتی عملہ سہولیات کی فراہمی کے بدلے رقم کا مطالبہ کرتا ہے اور ڈیمانڈ پوری نہ ہونے پر بے یارومدگار چھوڑ دیا جاتا ہے۔ وزیراعظم، آرمی چیف دیار غیر کی جیلوں میں بند قیدیوں کی رہائی کیلئے فوری خصوصی ڈیسک قائم کریں تاکہ وہ اپنے ملک آکر پیاروں کیساتھ اچھی زندگی گزار سکیں۔ سردار مسعود خان، منیر اکرم اور عامر خان اتوزئی نے منافقانہ پالیسی اختیار کررکھی ہے، تینوں برملا کہتے ہیں جتنی مرضی خبریں لگائیں، کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا، اوورسیز و کشمیری مسائل کے حل کیلئے دربدر پھر رہے ہیں، کوئی پرسان حال نہیں۔ وزیراعظم، آرمی چیف فوری نوٹس لیکر نااہل سفارتی عملے کی جگہ ملک و قوم اور کشمیریوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے والوں کو تعینات کریں۔