میزائل پروگرام کیلئے سامان فراہمی کاالزام،پاکستان اورامریکہ آمنے سامنے

واشنگٹن، اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) میزائل پروگرام کیلئے سامان فراہمی کا الزام، پاکستان اور امریکہ آمنے سامنے آگئے، امریکہ نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کےلئے سامان فراہم کرنے کے الزام میں 3 چینی اور بیلاروس کی ایک کمپنی پر پابندیاں عائد کردیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بیان میں کہا 3 چینی اور ایک بیلاروسی کمپنی نے پاکستان کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سمیت بیلسٹک میزائل بنانے میں مدد دی، کمپنیوں نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاو¿ یا ترسیل کےلئے پاکستان کو مواد فراہم کرنے میں تعاون کیا، کمپنیوں کے تعاون سے پاکستان کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری، حصول اور نقل و حمل کی کوششوں میں مدد ملی۔

ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کمپنیوں نے پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل پروگرام سمیت بیلسٹک میزائل کی تیاری میں مددگار اشیا فراہم کیں، امریکہ اپنے دیگر شراکت داروں کےساتھ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاو نیٹ ورکس کی روک تھام کا نظام مضبوط بنانے کےلئے پرعزم ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے میزائل پروگرام سے منسلک کمپنیوں پر پابندی بغیر ثبوت لگائی گئیں، ہتھیار کنٹرول کے دعویدار متعدد ممالک کو ملٹری ٹیکنالوجی کی فراہمی میں استثنیٰ دے چکے۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ماضی میں بھی بغیر ثبوت فراہم کئے پاکستان کے بیلسٹک میزائل سے تعلق کے الزام میں کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی گئیں، ماضی میں کئی ایسے واقعات دیکھے جہاں محض شک پر فہرستیں بنائی گئیں، تب بھی ملوث اشیا کسی کنٹرول لسٹ میں نہیں تھیں لیکن حساس سمجھا جاتا رہا، امریکہ کی جانب سے تازہ ترین اقدامات کا علم نہیں، پاکستان نے کئی بار نشاندہی کی، اس طرح کی اشیا کے جائز تجارتی استعمال ہوتے ہیں اس لیے برآمدی کنٹرول کے من مانی اطلاق سے گریز کرنا ضروری ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا پاکستان برآمدی کنٹرول کے سیاسی استعمال کو مسترد کرتا ہے، ہتھیارکنٹرول کے دعویدار نے متعدد ملکوں کو جدید فوجی ٹیکنالوجی کے لائسنس میں استثنیٰ دیا جس سے خطے و عالمی امن و سلامتی کو خطرات لاحق ہوئے۔