چکن کی قیمتوں میں اضافہ، فیصل آباد پولٹری ایسوسی ایشن کا فارمز مالکان کیخلاف ہڑتال

فیصل آباد: (صداقت علی )چکن کی قیمتوں میں اضافے پر پولٹری ایسوسی ایشن نے فارمز مالکان کے خلاف ہڑتال اور ضلع کونسل چوک میں احتجاج کرنے کی دھمکی دے دی ۔ تفصیل کے مطابق چکن فروشوں کا اجلاس ہوا ۔

صدر ایسوسی ایشن عادل حسین نے کہا کہ فارمز کی طرف سے مرغی کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے عوام کے ساتھ ساتھ چکن فروش طبقہ بھی فاقہ کشی پر مجبور ہو چکا ہے ۔ فارمز مالکان کی طرف سے قیمت زیادہ ہونے اور سرکاری ریٹس کم رکھے جانے کی وجہ سے چھوٹا دکاندار پریشان ہے۔ ہمیں سرکاری ریٹ کے مطابق چکن فراہم کیا جائے جس سے عوام کو اسی ریٹ کے مطابق چکن فراہم کیا جا سکے ۔ فارمرز کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ہم چکن زیادہ ریٹس سے لیتے ہیں، جس کی وجہ سے چکن من مانے نرخوں پر فروخت کیا جاتا ہے۔ اگر سرکاری ریٹ کے مطابق چکن نہ فراہم کیا گیا توچکن فروش ہڑتال اور ضلع کونسل چوک میں احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔