ننکانہ صاحب ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام سکھ یاتریوں کے اعزاز میں صوفی نائٹ

ننکانہ صاحب(نصر اقبال)ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام بیساکھی میلے کے موقع پر اندرون و بیرون ملک سے آنے والے یاتریوں کے اعزاز میں صوفی نائٹ کا انعقاد کیا گیا۔

کمشنر لاہور ڈویژن علی رندھاوا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، ڈپٹی کمشنر ننکانہ چوہدری محمد ارشد و دیگر افسران سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتری بھی صوفی نائٹ کی تقریب میں شریک تھے۔

اس موقع پر لوک فنکاروں نے بابا بلھے شاہ،پیر وارث شاہ ،میاں محمد بخش اور بابا فرید شکرگنج و دیگر صوفیا کرام کے صوفیانہ کلام پیش کرکے خوب داد سمیٹی ، سکھ یاتریوں نے بھنگڑے ڈالے اور جھومتے ہوئے نوٹ نچھاورکیے۔

علی رندھاوا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا بیساکھی میلے کی تقریبات میں شرکت کے لیے اندرون و بیرون ملک سے آنے والے یاتریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور فول پروف سیکورٹی فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،صوفی نائٹ کا مقصد دنیا بھر میں امن اور محبت کا پیغام دینا ہے۔