متروکہ وقف املاک اور لینڈ مافیا کی ملی بھگت، محکمہ اوقاف کی قیمتی زرعی زمین کا ذاتی استعمال
لاہور (سپیشل رپورٹر) ننکانہ صاحب میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی ملی بھگت سے لینڈ مافیا بے قابو ہوگیا۔ محکمہ اوقاف کی قیمتی زمین غیرقانونی طور پر زرعی مقاصد کیلئے لیز پر لیکر کاروباری اور گھریلو مقاصد کیلئے استعمال ہونے لگی، غیرقانونی قبضوں سے علاقے میں امن وامان اور انتظامی مسائل جنم لینے لگے۔ ڈپٹی کمشنر نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کو خط لکھ دیا۔ اوقاف کی زمین کی تمام غیر قانونی لیز منسوخ کرکے واگزار کروانے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر چوہدری ارشد نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ارشد جاوید کو لکھے گئے تحریری خط میں بتایا کہ میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب کی حدود کے اندر محکمہ اوقاف کے افسران اور اہلکار اوقاف کی قیمتی زمین زرعی مقاصد کیلئے لیز پر دے رہے ہیں جس پر لینڈ مافیا اور قبضہ مافیا راتوں رات عمارتیں اور گھر تعمیر کر لیتے ہیں جس سے ہمارے لئے انتظامی اور امن وامان کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2020ءکا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ میونسپل کمیٹی کی حدود میں آنے والی تمام زمین شہری شمار ہوتی ہے اور اس قانون کے مطابق شہری زمین زرعی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کی جاسکتی اسلئے محکمہ اوقاف میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب کی حدود میں شہری زمین کو کس طرح زرعی مقاصد کے نام پر لیز دے سکتا ہے؟ انہوں نے تحریری خط میں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سے مطالبہ کیا کہ میونسپل کمیٹی کی حدود میں محکمہ اوقاف کی طرف سے زرعی مقاصد کے نام پر لیز پر دی گئی زمین کی لیز منسوخ کر کے یہ زمین قبضہ گروپوں اور لینڈ مافیا سے واگزار کروائی جائے۔
















