ڈرون ،میزائل حملے،اہداف حاصل،آپریشن مکمل ہوا،ایران،جواب دینگے،اسرائیل،جنگ کاحصہ نہیں،امریکہ

تہران، تل ابیب، نیویارک: (مشرق نیوز+ بیورو رپورٹ) خطے میں نئی جنگ شروع، دمشق میں سفارتخانے کو نشانہ بنانے کے جواب میں ایران کا اسرائیل پر بڑا حملہ، 300 سے زائد ڈرون اور میزائل داغ دئیے، صہیونی فوجی تنصیبات کو نقصان، متعدد افراد زخمی، اسرائیل نے بھرپور جواب دینے کی دھمکی دےدی، امریکہ نے جنگ کا حصہ نہ بننے کا اعلان کردیا۔

ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق تہران نے اسرائیلی دفاعی تنصیبات، گولان کی پہاڑیوں اور شام کے قریب اسرائیلی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، ایران اسرائیل میں 50 فیصد اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا، اسرائیلی فضائی اڈے کو خیبر میزائلوں سے ٹارگٹ کیا۔ یورپی میڈیا کے مطابق حملوں کے بعد اسرائیل نے فوجی اڈے خالی کردئیے، ملک میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگری نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تہران نے ایران، عراق اور یمن سے 300 کے قریب ڈرون اور میزائل داغے جس سے فوجی تنصیبات کو معمولی نقصان پہنچا، 12 افراد زخمی ہوگئے، زخمی ہونےوالوں میں سے 7 سالہ بچی بھی شامل ہے۔ فوجی ترجمان نے کہا صرف چند ایرانی میزائل اسرائیل کی سرزمین میں گرے۔ فوجی اڈے، انفراسٹرکچر کو صرف معمولی نقصان پہنچا، کروز میزائلوں اور یو اے وی (بغیر پائلٹ کے ہوائی گاڑیوں) کو اسرائیل کی فضائی حدود تک پہنچنے سے پہلے ہی روکدیا گیا، ایران کے داغے گئے 99 فیصد ڈرون، میزائلوں کو تباہ کردیا۔

وزیر دفاع نے کہا ایران نے 300 سے زائد پروجیکٹائل اسرائیل کی طرف داغے، بیلسٹک میزائلوں کی معمولی تعداد اسرائیلی سرزمین تک پہنچ سکی۔

ادھر ایرانی حملوں کے جواب میں امریکہ ،اردن نے اسرائیل کی مدد کرتے ہوئے کئی ایرانی ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کردیا۔ دریں اثنا ایران نے کہا ہے اسرائیل میں 50 فیصد اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہے۔

اسرائیل کےخلاف فوجی آپریشن ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تہران نے خبردار کیا اگر اسرائیل نے دوبارہ غلطی کی تو نتائج بہت برے ہوں گے۔

ابراہیم رئیسی نے اسرائیل، اتحادی ملک امریکہ کو خبردار کیا وہ میزائل حملوں کے جواب میں کسی بھی غیر ذمہ دارانہ ردعمل سے باز رہیں، اسرائیل پر حملہ دمشق میں ایران کے سفارتخانے کو نشانے بنانے کے نتیجے میں کیا گیا اگر اسرائیل نے حماقت کرتے ہوئے جواباً حملہ کرنے کی کوشش کی تو بڑے پیمانے پر نقصان اٹھانے کیلئے تیار رہے، جوابی کارروائی پر فیصلہ کن اور پہلے سے بھی زیادہ سخت جواب دیا جائےگا، اسرائیل کے جارحانہ اقدامات کے جواب میں آپریشن جائز تھا۔

ایرانی صدر نے پاسداران انقلاب گارڈز کی تعریف کرتے ہوئے کہا جارحیت پسند کو سزا دینے کا سپریم لیڈر کا سچا وعدہ پورا ہوگیا، اتحادی ممالک جارح حکومت کی اندھی حمایت بند کریں۔

ایران کے اقوام متحدہ میں فائز مشن نے کہا 2 ہفتے پہلے ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے کا جواب دےدیا اور ابھی تک کا حساب برابر سمجھا جائے، اسرائیل نے دوبارہ پیش قدمی کی تو نتائج سنگین ہوں گے۔

ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداللیہان نے تہران میں غیرملکی سفیروں سے ملاقات کی، ملاقات میںایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللیہان نے کہا امریکہ کو بتا دیا تھا اسرائیل پر حملے محدود ہوں گے۔ علاقائی پڑوسیوں کو 72 گھنٹے پہلے اسرائیل پر حملے کا بتا دیا تھا۔

علاوہ ازیں ایران نے اسرائیل پر حملوں کے بعد اردن کیخلاف بھی کارروائی کرنے کا اشارہ دےدیا۔ تہران نے اردن کو خبردار کرتے ہوئے کہا اسرائیل کی حمایت کرنے والوں کےخلاف بھی کارروائی کریں گے کیونکہ ایران کے متعدد ڈرونز کو اردن کے طیاروں نے تباہ کیا، ایرانی پاسدران انقلاب نے امریکہ کو اسرائیل کی حمایت نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا امریکہ ایران کے مفادات کو نقصان نہ پہنچائے۔

مزید برآں ایرانی وزارت خارجہ نے حملوں کی مذمت پر برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے سفیروں کو طلب کرکے وضاحت مانگ لی،نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران نے اسرائیل پر حملوں پر دئیے گئے ممالک کے ردعمل کوغیر ذمہ دارانہ موقف قرار دیتے ہوئے کہاصہیونی حکومت (اسرائیل) کے ٹھکانوں کےخلاف ایران کی فوجی کارروائی اقوام متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 51 میں بیان کردہ جائز دفاع کے حق کے فریم ورک کے تحت کی گئی اور شام میں سفارت خانے پر حالیہ حملے سمیت کئی جرائم کا جواب ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے ایرانی حملے پرسخت جوابی کارروائی کرنے کا اعلان کردیا اور اسرائیلی سکیورٹی کابینہ نے جنگی کابینہ کوایرانی حملے پرردعمل دینے کا اختیار دیدیا، صدر نیتن یاہو نے کہا ایرانی حملے کامنہ توڑ جواب دیں گے، اسرائیل ہر قسم کے حملے کاجواب دینے کیلئے تیار ہے، اسرائیل نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا اسرائیل کو نقصان پہنچانے والوں کو غزہ بنا دیں گے، جنگ ایرانی عوام نہیں، حکومت کےخلاف ہیں،اپنے اتحادیوں کےساتھ مل کر ایرانی حملہ ناکام بنایا، عالمی و مشرق وسطیٰ کے اتحادیوں کے شکرگزار ہیں۔

ادھر امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ایران کےخلاف جنگ کا حصہ نہ بننے کا اعلان کردیا۔ امریکی عہدیدار کے مطابق ا مریکی صدر جو بائیڈن نے نیتن یاہو پر واضح کیا امریکہ ایران کےخلاف جارحانہ آپریشن میں حصہ نہیں لے گا۔

اپنے بیان میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا اسرائیلی اہداف پر ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہیں، نیتن یاہو سے بات ہوئی، حمایت کا یقین دلایا، ایران کےخلاف سفارتی ردعمل کےلئے جی سیون ممالک سے رابطہ کریں گے، ایران کوئی بھی اہم ہدف کو نشانہ نہیں بنا سکا، اسرائیل نے دشمنوں کوواضح پیغام دےدیا۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل پر ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تناو¿ میں اضافہ نہیں چاہتے، اسرائیل کے دفاع کی سپورٹ اور خطے میں اتحادیوں، شراکت داروں سے مشاورت جاری رکھیں گے۔

وزیر دفاع لائیڈآسٹن نے اسرائیلی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے کہا اسرائیل ایران پر کسی بھی جوابی کارروائی سے پہلے بتائے، اپنی افواج اور اسرائیل کے دفاع کےلئے کسی بھی اقدام سے نہیں ہچکچائیں گے۔

وائٹ ہاوس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا اسرائیل کے دفاع کےلئے امریکی فوج نے پچھلے ہفتے ہوائی جہاز ،بیلسٹک میزائل ڈیفنس ڈسٹرائرز کو خطے میں منتقل کیا جن کے ذریعے اسرائیل کی طرف آنے والے ڈرونز اور میزائل گرانے میں مدد ملی۔

ادھر ایران اسرائیل کشیدگی کے بعد کئی ممالک نے اپنی پروازوں کا رخ موڑ دیا، کویت نے کشیدگی والے علاقوں سے تمام پروازوں کارخ موڑا جبکہ سوئس انٹرنیشنل ائیر لائنز نے تل ابیب کےلئے سروس معطل کردی، امریکہ کی یونائیٹڈ ائیرلائن نے نیویارک سے تل ابیب کےلئے متعدد فلائٹس منسوخ کردیں، کراچی کیلئے ترکش ائیر کی پرواز درمیان راستے سے واپس چلی گئی جبکہ اسلام آباد اور لاہور کےلئے پروازوں نے طویل ترین روٹ اختیار کیا۔