لاہور (علی جنید) پاکستان بھر میں قائم گردواروں کی حفاظت اور یاتریوں کی ایک ایک پائی سے جمع کئے جانے والے ”گولکوں“ کی کمائی کیلئے متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کو حکومت پاکستان نے بطور امین مقرر کر رکھا ہے جبکہ ”مشرق“ کی تحقیقاتی رپورٹنگ نے تحقیقات کے بعد معلوم کیا ہے کہ یاتریوں کے چندے سے مذکورہ افسران کی زندگیوں کو پر آسائش بنانے کی غرض سے ” گرو گھر“ کے پیسوں سے 5 کروڑ مالیت کی 3 بیش قیمت گاڑیاں بک کروائی جارہی ہیں جبکہ پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے پاس تین عدد نئی گاڑیاں پہلے سے موجود ہیں۔ اس رپورٹ کے بارے میں قائم مقام چیئر مین ارشد فرید سے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن حسب روایت موصوف نے بار بار کال مسترد کرتے رہے جبکہ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطا ءالرحمان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر ان کی مصروفیت کے باعث بات نہ ہو سکی۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں پاکستان سکھ پربندھک کمیٹی جو کہ ازسر نو بنائی گئی ہے اور اسکا بنک اکاونٹ حبیب بنک لمیٹڈ سول لائنز میں قائم ہے جس میں سے یکے بعد دیگرے کروڑوں روپوں کی ٹرانزیکشن کی گئی ہیں جن میں سے 3 کروڑ 36 لاکھ 99ہزار اور بعد ازاں ایک کروڑ 50 لاکھ کی اور پھر 2 کروڑ کی تیسری ٹرانزیکشن ہوئی جبکہ حیرت انگیز امر تو یہ ہے کہ موجودہ پردھان کا PA علی سلطان بٹ نے مذکورہ بنک سے کیش کے چیک پر 2 کروڑ بنک سے لئے ہیں اور خود کے شناختی کارڈ کی کاپی بھی لگ کی گئی ہے ، حیرت انگیز بات یہ ہے کہ 3 اپریل کو اسلام آباد میں کی گئی۔ میٹنگ میں قائم مقام چیئرمین ارشد فرید نے نئی گاڑیوں کی منظوری ہی نہیں دی تھی تو کون سے ایسے معاملات طے پا گئے۔ کئی ممبران پی ایس جی پی سی کے علم میں لائے بناءہی چیک جاری کئے گئے ہیں ۔قانون کی رو سے گروگھر کی مایا صرف اور صرف گردواروں کی تزئین و آرائش ، لنگر اور سیوا کیلئے استعمال کی جا سکتی ہے جبکہ کسی بھی صورت میں اس سے گاڑیاں نہیں خریدی جا سکتی ہیں ، نئی گاڑیوں کے اس قسم کے معاملات کو لیکر پاکستان بھر کے سکھوں میں تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ پاکستان سکھ گردوارہ پر بندھک کمیٹی کے اکاو¿نٹ میں جو چیک بھی دیا جاتا ہے۔ اس پر چیئرمین اور پردھان کے دستخط موجود ہونا ضروری ہے جبکہ نوٹنگ میں ایڈیشنل سیکرٹری کے دستخط ہوتے ہیں اور حیرت انگیز امر تو یہ ہے کہ گزشتہ کچھ وقت سے شرائن برانچ کا اکاو¿نٹنٹ وجاہت قریشی بھی نوٹنگ پر سائن کر رہا ہے۔
نئی پی ایس جی پی سی کمیٹی کی ”گرو گھر“ سے لگژری گاڑیاں خریدنے کی تیاریاں
















