لاہور (خبرنگار) لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری، 24 گھنٹوں میں 15 ملزمان گرفتار کرلئے گئے ۔ ترجمان لیسکو کے مطابق مجموعی طور پر 307 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 140 کیخلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں، پکڑے جانیوالے کنکشن میں 9 کمرشل، 2 زرعی اور 296 ڈومیسٹک تھے، تمام کنکشن منقطع کرکے انکو ایک لاکھ 99 ہزار 585 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 67 لاکھ24 ہزار26روپے ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشن بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ ترجمان کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کو 204 روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 71 ہزار 834 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 69 ہزار 253 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر 29ہزارملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک8کروڑ 77لاکھ 48 ہزار 606 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3 ارب 30 کروڑ 42 لاکھ 61 ہزار 474 روپے ہے۔دوسری طرف ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری ہونیوالے اعلامیہ کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ اس سلسلے میں کنٹرول روم پر قائم کردیا گیا ہے جہاں لیسکو کے اعلیٰ افسران فرائض سرانجام دیں گے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ عید کی چھٹیوں کے دوران تمام شکایت سنٹرز کو آپریشنل رکھا جائے جبکہ ڈیوٹی پر موجود فیلڈ سٹاف اپنے موبائل فونز کو ہر صورت آن رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رابطہ کرنا ممکن ہو۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو نے عید کی چھٹیوں کے دوران ضروری سامان کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی خصوصی ہدایت کی ہے، چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کاکہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اضافی ٹرانسفارمر ز، ٹرالیز اور گاڑیوں سٹینڈ بائی رکھا جائے۔دریں اثناءڈائریکٹر کسٹمرسروسز کی زیرنگرانی نادہندگان کے خلاف مہم جاری، اس سلسلے میں مہم کے197 ویں روز 305 نا دہندگان سے6.32 ملین روپے سے زائد کی وصولی کرلی گئی ہے۔
لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن ،مزید15 ملزمان گرفتار ،لاکھوں کے ڈیٹکشن بل چارج
















