فیصل آباد: (بیورو رپورٹ) سٹی پولیس آفیسرمحمد علی ضیانے کہا ہے کہ عید پر سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لئے پاس آﺅٹ ہونے والے 250ریکروٹس اورلائن حاضر 100کانسٹیبلوں کو فوری طور پر بحال کر کے شہر کے اہم کاروباری مراکز میں تعینات کیا جا رہا ہے جبکہ کیش کی محفوظ نقل وحمل کے لئے 20-25ملازمین پر مشتمل ٹیم فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے حوالے بھی کی جا سکتی ہے۔
علی ضیانے چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی طور پر پولیس کا کام جرائم کا خاتمہ ہے مگر جلسے ، جلوسوں، جمعة الوداع، اعتکاف ، مذہبی معاملات اور پتنگ بازی کی روک تھام جیسی اضافی ذمہ داریوں سے اصل مقاصد نظر انداز ہو سکتے ہیںتاہم عید تک کے 5ایام میں آپ کو بازاروں میں پولیس کے گشت میں نمایاں بہتری نظر آئے گی۔ بعض آلات کی درآمد میں تاخیر کی وجہ سے سیف سٹی منصوبہ پورا نہیں ہوا تاہم مئی کے آخر تک یہ مکمل طور پر فنکشنل ہو جائے گا۔
سی پی او نے چیف ٹریفک آفیسر سے کہا کہ وہ فوری طور پر امام بارگاہ سے جھنگ بازار کی طرف جانے والی سڑک اور غلہ منڈی سے ملحقہ مخدوم روڈ کو ون وے کرنے کا جائزہ لیں اور ممکن ہو تو اس پر فوری عملدرآمد کرا دیا جائے۔ انہوں نے پتنگ بازی کے کلچر کو ختم کرنے کیلئے مسلسل جدوجہد کرنے پر زور دیا اور کہا کہ پتنگیں اور ڈور بنانے والے 15بڑے مینو فیکچررز ، 850فروخت کنندگان اور سوشل میڈیا کے ذریعے پتنگیں فروخت کرنے والے تین افراد کو بھی پکڑا گیا ہے۔
فیصل آباد چیمبر کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے اس موقع پر کہا کہ عید سے قبل سٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس سلسلہ میں مختلف کاروباری طبقوں اور ایسوسی ایشنوں کی طرف سے چیمبر پر دباﺅ تھا کہ پولیس سے فوری طور پر رابطہ کر کے صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔فیصل آباد میں سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی قائم کی گئی تھی جسے بعد میں ختم کر دیا گیا۔ یہ ادارہ اب بھی کراچی میں کامیابی سے چل رہا ہے۔ فیصل آباد میں سی پی ایل سی کی دوبارہ بحالی کا بھی جائزہ لیا جائے۔
عید پر بازاروں میں پولیس کا گشت بڑھا دیا،سی پی او فیصل آباد
















