حافظ آباد (بیورو رپورٹ) سنہرے مستقبل اور بہتر روزگار کی خاطر اٹلی جانے والے 7 پاکستانی البانیہ میں کار حادثہ میں جاں بحق ہو گئے ، جاں بحق ہونے والوں میں 22سالہ رائے شرجیل کا تعلق حافظ آباد سے تھا،حادثہ میں البانوی کار ڈرائیو بھی جاں بحق ہو گیا۔جاں بحق ہونے والے شرجیل کے اہل خانہ بیٹے کی ناگہانی وفات پر غم سے نڈھال ہو گئے۔ والدین نے حکومت سے بیٹے کی میت وطن واپس لانے کیلئے حکومت سے اپیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کے گاﺅں ساگر کھرل کے رہائشی رائے شفقت علی کا 22سالہ بیٹا رائے شرجیل 10 ماہ قبل یونان گیا جہاں وہ اپنے دیگر سات پاکستانیوں کے ساتھ غیر قانونی طریقہ سے اٹلی جانے کیلئے نکلا ۔ رائے شرجیل اور اسکے ساتھیوں نے البانیہ کا بارڈر کراس کرنے کیلئے ایک ٹیکسی کرایہ پر لی۔ساتوں پاکستانی گاڑی میں سوار ہو کر جا رہے تھے کہ البانیہ کے دارلخلافہ تیرانہ کے قریب چیک پوسٹ پر پولیس نے انکی گاڑی کو روکا لیکن البانوی ڈرائیور نے گاڑی نہ روکی جو تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر دریا میں جا گری جس کے نتیجہ میں البانوی ڈرائیو اور رائے شرجیل سمیت ساتوں پاکستانی جاں بحق ہو گئے۔ رائے شفقت کا کہنا ہے کہ اس کا بیٹا پاکستان میں بیروزگاری کی وجہ سے پریشان تھا اسلئے وہ بیرون ملک گیااور وہ گزشتہ 10 ماہ سے یونان میں مقیم تھاجہاں سے وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ البانیہ کے راستے اٹلی جا رہا تھا کہ راستے میں پولیس نے انہیں روکا لیکن البانوی ڈرائیور نے گاڑی نہ روکی اور تیز رفتاری کے باعث ا نکی گاڑی دریا میں جا گری جس میں البانوی کار ڈرائیور اور ساتوں پاکستانی موقع پر جا ں بحق ہوگئے۔انہوں نے بتا یا کہ البانیہ کی پولیس نے تمام لاشوں کو اپنی تحویل میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے۔ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں مبتلا شرجیل کے والد اور دیگر رشتہ داروں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ متوفی رائے شرجیل کی میت پاکستان لانے کیلئے انتظام کیا جائے اور اس سلسلے میں ان کی مدد کی جائے۔
البانیہ میں المناک کار حادثہ، بہتر روزگار کیلئے اٹلی جانے والے 7 پاکستانی جاں بحق
















