ننکانہ پولیس کی بڑی کارروائی، 41لاکھ روپے کا مسروقہ مال مالکان کے حوالے

ننکانہ صاحب( نصر اقبال) ننکانہ پولیس کی بڑی کارکردگی،41 لاکھ روپے کا مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا۔

تھانہ مانگٹانوالا میں مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب مہر کاشف رنگ الہیٰ پڈھیار نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری سمیت 34 مقدمات میں 41 لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ مال جو ملزمان سے برآمد کیا گیا تھا وہ ڈی پی او اور ایم پی اے نے اصل مالکان کے حوالے کیا۔ برآمدہ مال میں 8 موٹر سائیکل، لیزر مشینیں، سولر پلیٹس، موبائلز، طلائی زیورات، موٹرز اور نقدی وغیرہ شامل تھا۔ چھینا ہوا اور چوری شدہ مال واپس ملنے پر اہلیان علاقہ نے ننکانہ پولیس کی کاوشوں کو خوب سراہا۔

اس موقع پر ڈی پی او صاعد عزیز نے کہا ایس ایچ او مانگٹانوالا مجاہد عباس ملہی اور پوری ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق ننکانہ پولیس عوامی جان و مال کے تحفط میں کوشاں ہے،لوگوں کی امانتیں انکو واپس لوٹا کر دلی اطمینان ملا ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خاتمہ کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔ تقریب میں خطاب کے دوران مہر کاشف پڈھیار ممبر صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ لاکھوں روپے مالیت کی ریکوری ننکانہ پولیس کی مثالی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایسی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث فخر ہے جس میں لوگوں کو امانتیں واپس کی گئیں۔ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام الناس کو انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔