اسلام آباد (مشرق نیوز) سینیٹ کی 30 نشستوں پر کل الیکشن ہورہے ہیں لیکن خیبرپختونخوا کی 11 نشستوں پر الیکشن ہوگا یا نہیں صورتحال اب تک غیر واضح ہے۔ الیکشن کمیشن نے خبردار کیا تھا کہ صوبے میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف نہ لیا گیا تو خیبرپختونخوا کی حد تک سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے پر مجبور ہوں گے جبکہ پشاور ہائیکورٹ نے بھی سپیکر کو حلف لینے کی ہدایت کی تھی جس پر عمل نہ ہوسکا۔
سینیٹ کیلئے 18 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ 29 جنرل، 8 خواتین، 9 ٹیکنو کریٹ یا علما اور 2 غیر مسلم کی نشستوں پر انتخاب کل ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت کی ایک جنرل اور ایک ٹیکنو کریٹ نشست پرانتخاب ہوگا، پنجاب کی 2 خواتین، 2 ٹیکنو کریٹ، علما اور ایک غیر مسلم کی نشست پر انتخاب ہوگا جب کہ سندھ کی 7 جنرل، 2 خواتین، 2 ٹیکنو کریٹ، علما اور ایک غیر مسلم نشست پر انتخاب ہوگا۔
اسی طرح خیبر پختو نخوا کی 7 جنرل، 2 خواتین اور 2 ٹیکنو کریٹ کی نشست پر انتخاب ہونا ہے جو مخصوص نشست والے اراکین کا حلف نہ لئے جانے کی وجہ سے تنازع کا شکار ہے۔ دوسری جانب سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے پشاور ہائیکورٹ میں ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کردی۔ یہ درخواست علی عظیم آفریدی کی وساطت سے اسپیکر نے دائر کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ ممبران سے حلف لیا جائے، نہ اسمبلی کا اجلاس ہے اور نہ ریکوزیشن آئی ہے ممبران سے حلف کیسے لیا جائے۔
سینیٹ کے الیکشن کل ہونگے، خیبرپختونخوا کی 11 نشستوں پر صورتحال اب تک غیر واضح
















