رمضان بازاروں میں عوام کو سستی اشیا کی فراہمی جاری ہے، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ

اوکاڑہ: (شہروز علی) رمضان بازار وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکے ویژن کے عکاس اور عوامی ریلیف کے مظہر ہیں، عوامی خدمت حکومت پنجاب کا نصب العین ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے رمضان بازاروں میں عوام کو سستی اور معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو ماہ صیام میں بہترین اشیائے ضروریہ فراہم کر کے بھرپور ریلیف فراہم کیا جا سکے ،ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ذیشان نے رمضان بازار میں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر ذیشان نے اشیائے خورونوش کے نرخ اور معیار کی چیکنگ کی اور دئیے گئے اوقات کار میں مختلف محکموں کے اہلکاران کو دلجمعی سے عوامی خدمت کے لیے ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ذیشان حنیف نے متعلقہ حکام کو رمضان بازار میں مختلف سٹالز پر عوام کو سستی اور بہترین کوالٹی کی اشیا فراہم کرنے کے سلسلے میں انتظامات کی کڑی نگرانی کے لیے احکامات جاری کیے، کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور وہ خود ذاتی طور پر بھی مختلف امور کی کڑی نگرانی کریں گے۔