اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)سجاد غنی نے کہا ہے کہ داسو سمیت واپڈا کے تمام منصوبوں پر سیکیورٹی کے انتظامات کو تمام متعلقہ فریقین کی مشاورت سے مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔خیبرپختونخواکے علاقے شانگلہ میں بشام کے قریب گزشتہ روز چینی انجینئرز کے ساتھ پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کے پسِ منظر میں چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سجاد غنی نے پاکستان میں چینی سفیر کے ہمراہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا، پراجیکٹ سائٹ پر چینی ورکرز کے ساتھ وقت بھی گزارا۔واپڈا کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ چیئرمین واپڈا کے دورے کا مقصد داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پرکام کرنے والے چینی انجینئرز اور دیگر کارکنوں کے ساتھ واپڈا کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں متعین چینی سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے چیئرمین واپڈا کے ہمراہ پراجیکٹ سائٹ پر چینی ورکرز کے ساتھ وقت بھی گزارا۔چیئرمین واپڈا نے داسو پراجیکٹ کے کنٹریکٹرز چین سے تعلق رکھنے والی تعمیراتی کمپنی چائنہ گزوبہ گروپ کمپنی کے کنسٹرکشن کیمپ کا دورہ کیا۔دہشت گردی کے افسوسناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر داسو پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور کارکنوں کے ساتھ دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے اس واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں، امید ہے اس گھناونے واقعہ میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کو بہت جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
داسو سمیت تمام اہم منصوبوں پر سکیورٹی مزید بہتر بنا رہے ہیں: چیئرمین واپڈا
















