پنجاب کاٹیکس فری بجٹ پیش،اپوزیشن کاشدید ہنگامہ،سپیکر ڈائس کاگھیراﺅ

لاہور: ( اپنے رپورٹر سے )صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ٹیکس فری بجٹ 24-2023 پنجاب اسمبلی میں پیش کردیا،اپوزیشن کاشدید ہنگامہ،سپیکر ڈائس کاگھیراﺅ،جعلی بجٹ نامنظور کے نعرے لگاتے رہے۔

بجٹ میںکل آمدن کا تخمینہ 3331ارب 70کروڑ روپے لگایا گیا ، این ایف سی ایوارڈ کے تحت وفاق کے قابل تقسیم محاصل سے پنجاب کیلئے 2706 ارب 40کروڑ روپے حاصل ہوں گے ،صوبائی محصولات کی مد میں گزشتہ سال سے 25فیصد اضافے کےساتھ 625.30ارب کا تخمینہ لگایا گیا ،پنجاب ریو نیو ارتھارٹی سے 26فیصد اضافے کےساتھ 240ارب ، بورڈ آف ریونیو سے 4فیصد اضافے کےساتھ 99.20بلین ارب اور محکمہ ایکسائز سے 5فیصد اضافے کےساتھ 45.50ارب کے محصولات کی وصولی متوقع ہے۔

ترجمان کے مطابق رواں مالی سال 513.73ارب تنخواہوں ، 392.10ارب پنشن جبکہ 627.70ارب مقامی حکومتوں کیلئے مختص کردئیے گئے،مالی سال 2023-24 کےلئے ترقیاتی بجٹ کا تخمینہ 655ارب ،غیر ملکی امدا د سے چلنے والے منصوبوں، پروگرامز، گرانٹس کیلئے مختص رقم 113.2ارب ہے، ترقیاتی بجٹ کا 36فیصد حصہ سوشل سیکٹر ، 39فیصد انفرا سٹرکچر ، 8فیصد پروڈکشن سیکٹر اور 4 فیصدسروسز سیکٹر پر مشتمل ہے،سماجی تحفظ کے اقدامات کا تخمینہ 20ارب ،صوبائی ملازمین کی تنخواہوں ،پنشن میں اضافے کی شرح ایک تا 16گریڈ کیلئے بنیادی پے سکیل میں 35فیصد ،گریڈ17تا 22کے بنیادی پے سکیل کے حساب سے تنخواہوں میں اضافہ 30فیصد اور پنشن میں 17فیصد اضافہ کیا گیا،50کروڑ روپے سے صوبائی ڈیٹا بیس اتھارٹی قائم کی جائے گی۔

عوام دوست و غریب پرور ہیلتھ انشورنس پروگرام کیلئے رواں مالی سال میں 45ارب رکھے گئے ہیں، ایک ارب سے پنجاب بھر میں ورکنگ ویمن کیلئے نئے ڈے کیئر سنٹرز قائم کیے جائیں گے ،مذہبی اقلیتی بھلائی کیلئے ترقیاتی بجٹ میں1.40ارب کی رقم مختص کی گئی، 5ارب سے ” اپنی چھت ، اپنا گھر “ پروگرام کے اجرا کےساتھ سموگ فری پنجاب کیلئے 2ارب سلیکٹڈ بیس اور ایک ارب الیکٹرک بائیکس کے منصوبے پر خرچ کیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے بجٹ تجاویز پیش کرتے ہوئے کہاکوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا،پنجاب میں آئی ٹی سٹی بنائیں گے، ایئر ایمبولینس ،پنجاب ایجوکیشن پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، گزشتہ حکومت کی وجہ سے پنجاب بہت پیچھے چلا گیا، پنجاب میں ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہو رہا ہے، میرٹ،شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیر خزانہ پنجاب نے کہا عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے گا، غریب عوام کو ریلیف فراہم کرینگے،اپنی حکومت کا پہلا عوام دوست بجٹ پیش کر رہا ہوں، پنجاب کو گڈ گورننس کی مثال بنائیں گے، رمضان نگہبان پیکیج کو گھروں کی دہلیزتک پہنچایا جا رہا ہے، رمضان نگہبان پیکیج کیلئے 30 ارب کی منظوری دی گئی، پرائس کنٹرول کے نظام کو فعال کر دیا،زراعت و اشیا خور و نوش کی طلب اور رسد میں بہتری لا رہے ہیں، عوام سے کیے گئے وعدوں پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے گا،کسانوں کو ایک چھت تلے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جا رہا۔

پنجاب اسمبلی اجلاس میں بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن نے زبردست ہنگامہ کیا، بجٹ کی کاپیاں پھاڑ دیں، جعلی بجٹ نامنظور، جعلی حکومت نامنظور کے نعرے لگائے،مجتبیٰ شجاع الرحمن نے بجٹ تقریر کے دوران ڈیسک پر نواز شریف کی تصویر لگائے رکھی، اپوزیشن اراکین نے سپیکر ڈائس کا گھیراو کیا، رانا آفتاب کی قیادت میں اپوزیشن نے بجٹ نامنظور کے نعرے لگائے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میںصوبائی کابینہ نے بجٹ کی منظوری دی،اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری اور سیکرٹری فنانس نے وزیر اعلیٰ کو بجٹ دستاویز پیش کیں ،مریم نواز نے دستخط کر دیئے،کابینہ نے آئی ایم ایف کو تسلی بخش بریفنگ دینے پر سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل کو سراہا،صوبائی کابینہ نے پنجاب سیلز ٹیکس سروس ایکٹ میں ترامیم کی منظوری بھی دی،اجلاس کے دوران صوبائی کابینہ نے تاریخ کا بہترین رمضان پیکیج پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا۔

مریم نواز نے کہا اگلے سال مستند ڈیٹا کےساتھ بہتر رمضان پیکیج لائیں گے، صوبے بھر میں 35 لاکھ سے زائد گھرانوں کو رمضان پیکیج کی ترسیل مکمل ہو چکی ، ایک ہفتے تک رمضان پیکیج کی ترسیل کا عمل مکمل کر لیا جائےگا، پیاز و دیگر اشیا کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں،پرائس کنٹرول میں بہتری کی وجہ سے اشیا کے نرخ نیچے آ رہے ہیں، چیف سیکرٹری، ٹیم اور ضلعی انتظامیہ رمضان میں بہتر اقدامات پر شاباش کی مستحق ہے، پوری ٹیم نے رمضان پیکیج اور پرائس کنٹرول کیلئے توقعات سے بڑھ کر کام کیا۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز اور قائد ن لیگ نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں کسانوں کو ٹیوب ویل کےلئے سولر پینل دینے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے جامع پلان طلب کرلیاگیا، مریم نوازنے کہاکاشتکار کو جدید مشینری فراہم کریں گے،ڈریپ ایریگیشن کا بھی جائزہ لیاجائے گا،ڈرپ ایریگیشن سے پانی کی بچت ہوگی اور لاگت بھی کم لائے گی،مہنگی کھاد بیچنے والے مافیا کو قابو کرنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے، لاگت میں کمی او رفصل کا صحیح معاوضہ ملنے سے کسان خوشحال ہوگا،مزید برآں ایک اور اجلاس کے دوران 3 شہروں میں پائلٹ سوک ایڈمنسٹریشن سنٹرز بنانے کی تجویز کاجائزہ لیاگیا، وزیر اعلیٰ نے مزید غور و خوض کی ہدایت کرتے ہوئے جامع پلان طلب کرلیا۔

دریں اثناپنجاب کے 3 شہروں میں میٹرو بس پراجیکٹ کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے لاہور میں انڈر گراونڈ ٹرین پراجیکٹ کا پلان طلب کر لیا گیا، نواز شریف نے ہدایت کی طلبہ کی ضروریات کا تعین کر کے بائیکس کی تعداد مزید بڑھائی جائے اورطلبہ کےلئے بائیکس کی ماہانہ قسط کم از کم رکھی جائے، طلبہ کا مالی بوجھ بٹانا حکومت کی ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ مریم نوازنے ہدایت کی عوام کےلئے بسوں کا کرایہ بھی کم سے کم مقرر کیا جائے،بائیکس کی فراہمی کےلئے عید سے پہلے درخواستوں کی وصولی کا اعلان کیا جائے