حافظ آباد:(قمر عباس) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب کے نعروں کی گونج سبزی منڈی تک نہ پہنچ سکی۔ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کی غفلت کے باعث سبزی منڈی میں صفائی نہ ہونے کے برابر، شہریوں اور دکانداروں کو سخت مشکلات کا سامنا۔سیوریج کا نظام ناکارہ ہونے اور گندے پانی سے تعفن اٹھنے کے باعث سبزی منڈی شہریوں میں بیماریاں بانٹ لگی۔ ڈپٹی کمشنراور دیگر افسران کے سبزی منڈی کے دورے صرف تصویروں کی حد تک محدود ہو کر رہ گئے۔
کولو روڈ پر قائم سبزی منڈی میں صفائی کی صورتحال ناگفتہ بہ ہونے کے باعث خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کو صحت کے حوالے سے خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ پورے پنجاب میں صوبائی حکومت کی جانب سے ”ستھرا پنجاب پروگرام“ شروع کیا گیا ہے، لیکن حافظ آبادکی سبزی منڈی میں گندگی اور غلاظت کے باعث دوکاندار اور گاہک مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے۔ سبزی منڈی میں جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اور سیوریج کا گندا پانی نہ صرف خریداروں بلکہ دکانداروں کی صحت کیلئے خطرات کا باعث بن رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مارکیٹ کمیٹی جو منڈی میں ہونے والی تجارت اور شیڈز کے کرایوں کی مد میں لاکھوں روپے اکٹھاکرتی ہے،سبزی منڈی میں نظم و نسق برقرار رکھنے اور بالخصوص صفائی کا نظام بہتر رکھنے میں بری طرح ناکام ہے۔سبزی منڈی میں گندگی اور غلاظت کی وجہ سے منڈی میں آنے والے خریداروں اور بیوپاریوں کی صحت کو بھی خطرات لاحق ہیں۔سبزی منڈی میں موجود گاہکوں اور دکانداروں کا کہنا ہے کہ عرصہ دراز سے سبزی منڈی کا سیوریج سسٹم ناکارہ ہوا ہے۔
بارہا مرتبہ ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کو مطلع کرنے کے باوجود بھی سیوریج سسٹم کو بہتر نہیں بنایا گیا، جس کی وجہ سے گندا پانی منڈی میں جگہ جگہ کھڑا رہتا ہے جس سے ہر وقت تعفن پھوٹتا رہتا ہے۔ سبزیاں اور پھل اسی تعفن میں فروخت ہو رہے ہیں،آلودہ پھل سبزیاں کھانے والے شہری وبائی امراض کا شکار ہوسکتے ہیں۔ ”ستھرا پنجاب پروگرام“ کا سبزی منڈی کولو روڈ میں کہیں بھی اثر نظر نہیں آرہا ہے۔ دکانداروں کا مزید کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سندس ارشاد اکثر سبزی منڈی آتی ہیں لیکن سبزی منڈی کے ایک داخلی راستے پر کھڑی رہ کر تصویریں بنوا کر، وہیں سے واپس چلی جاتی ہیں۔ اس داخلی راستے میں صفائی کر دی جاتی ہے لیکن پوری منڈی میں اور کہیں بھی صفائی ستھرائی نظر نہیں آتی۔ مارکیٹ کمیٹی نے لاکھوں روپے کی لاگت سے واش رومز تعمیر کیے لیکن ان کی عدم توجہی کے باعث وہ آج تک فنگشنل نہیں ہو سکے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ سبزی منڈی میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور تاجروں کو گندگی سے نجات دلائی جائے۔ سبزی منڈی میں کوڑے کرکٹ اٹھانے اور سیوریج کے ناکارہ سسٹم کو ٹھیک کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں اور ”ستھرا پنجاب پروگرام“ کو تصویری حد تک محدود کرنے والے افسران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔
حافظ آباد:سبزی منڈی میں گندگی کے ڈھیر ، تعفن سے سانس لینا دشوار
















