صاف پانی کی فراہمی، سیوریج منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ،کمشنر ساہیوال کو اجلاس میں بریفنگ

ساہیوال (بےورورپورٹ)پسپ پروگرام کے تحت شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مختلف منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور اب تک شہریوں کو صاف پانی کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے 28میں سے22نئے ٹیوب ویلز کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے جبکہ10میں سے6نئے واٹرفلٹریشن پلانٹس بھی لگائے جا چکے ہیں۔ یہ بات سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے پروگرام کی اب تک کی پراگریس کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ صاف پانی منصوبے کیلئے پانی سٹورکرنے کیلئے 4نئے ٹینک کی تعمیر بھی مکمل ہو چکی ہے جو بٹالہ سکول گرانڈ، محلہ نورپارک، مدینہ مسجد نئی آبادی اور غلہ منڈی میں تعمیر کئے گئے ہیں جبکہ شہر بھر میں پانی کی نئی لائنیں بچھانے کا کام بھی تکمیل کے قریب ہے جس سے مزید 43ہزار سے زائد گھروں تک صاف پانی پہنچایا جاسکے گا۔ اسجد خان نے مزید بتایا کہ سیوریج کے مسائل کے مستقل حل کیلئے شہربھر میں بڑے قطر کے پائپ بچھائے جا رہے ہیں جس سے اگلے40سال تک شہر کے نکاسی آب کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ مال منڈی چوک سے کمپری ہنسو سکول چوک تک 54انچ قطر کے پائپ کی تنصیب کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ پاکپتن روڈ پر72انچ قطر کا پائپ ڈالنے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتح شیر روڈ، علامہ اقبال روڈ، ہائی سٹریٹ اور فرید ٹا¶ن روڈ کی تعمیر کے بعد ریلوے روڈ کی تعمیر شروع کی جا رہی ہے جس سے شہریوں کا دیرینہ مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ذاتی دلچسپی سے تمام منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جا چکی ہے اور اس میگا منصوبے کو اپنی ٹائم لائنز کے مطابق حل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔