الہ آباد: پولیس مقابلے میں ASI شہید،ایک ڈاکو ہلاک، دوسرا زخمی

الہ آباد:(عنصر جاوید ) الہ آباد کے قریب پولیس مقابلے میں اے ایس آئی شہید جبکہ ایک ڈاکو کوزخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا۔

چونیاں کے نواح تھانہ کنگن پور کی حدود میں فتوکی میں ڈاکووں کی اطلاع پر اے ایس آئی اکرم نے دیگر ملازمین کے ہمراہ ریڈ کیا تو اس دوران ڈاکوو¿ں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں تھانہ کنگن پور میں تعینات اے ایس آئی میاں محمد اکرم موقع پر شہید ہو گئے۔ مزید نفری کے طلب کرنے پر ڈی پی او قصور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور تین گھنٹے تک علاقہ میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ ڈاکووں کے ساتھ مقابلہ کر کے ریکارڈ یافتہ ڈاکو حنیف بھٹی کو ہلاک کر دیا اور اس کے ایک ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ۔

اے ایس آئی اکرم کی شہادت پر آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ رینج بابر سرفراز الپا سے رپورٹ طلب کی ہے۔ ڈی پی او قصور اور شہریوں کی بڑی تعداد نے سماجی رابطہ ایپ فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا اکاو¿نٹ پر شہید اے ایس آئی اکرم کی جرات اور بہادری کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے ۔شہید محمد اکرم کی پہلی نماز جنازہ اعزاز کے ساتھ پولیس لائن جبکہ دوسری نماز جنازہ آبائی علاقہ کھڈیاں خاص میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پولیس کے اعلی افسران سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی پولیس تھانہ کنگن پور نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے مزید کاروائی کا آغاز کر دیا۔