غزہ صورتحال تبدیل ہونی چاہئے:برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون

لندن (مشرق نیوز) برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے اسرائیلی جنگی کونسل کے رکن بینی گینٹز سے ملاقات کے اختتام پر غزہ کی پٹی میں حالات میں بہتری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کی وجہ سے غزہ کا علاقہ انسانی بحران کا شکار ہے اور صورتحال تبدیل نہ ہونا باعث تشویش ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈیوڈ کیمرون نے اسرائیلی لیڈر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صورتحال کو اب بدلنا ہوگا۔ بعدازاں انہوں نےX پلیٹ فارم پر کہا کہ برطانیہ کو رفح میں فوجی حملے کے امکان پر گہری تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ بینی گینٹز کے ساتھ ملاقات کے دوران میں نے واضح طور پر ان اقدامات کا ذکر کیا جو اسرائیل کو غزہ کی امداد بڑھانے کیلئے اٹھانا ہوں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے سیاسی حریف کے ساتھ بات چیت کو مشکل لیکن ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اسرائیل پر دبا وبڑھ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ان کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی تک پہنچنے کیلئے کی جانی چاہئیں تاکہ یرغمالی بحفاظت اپنے گھروں کو واپس جا سکیں اور ضروری سامان غزہ منتقل کیا جا سکے۔کیمرون اوربینی گینٹز نے رفح میں فوجی حملے کا امکان پر بھی بات کی۔ اسرائیل رفح میں فوجی آپریشن کو حماس کے خلاف جنگ میں ناگزیر قراردیتا ہے۔ تاہم رفح میں جہاں لاکھوں بے گھر فلسطینی جمع ہیں فوجی کارروائی پر تشویش ہے۔