بھٹو کو شفاف ٹرائل کا حق نہیں ملا ،خود احتسابی ہونی چاہئے، عدلیہ ماضی کی غلطی تسلیم کئے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی: سپریم کورٹ

اسلا م آباد (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس پر مختصر رائے جاری کر دی،چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بنچ نے بھٹو صدارتی ریفرنس سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کے دوران پیپلز پارٹی کے وکلا، احمد رضا قصوری اور عدالتی معاونین کو سننے کے بعد گزشتہ روز رائے محفوظ کی تھی،چیف جسٹس پاکستان نے بھٹو صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی مختصر رائے سناتے ہوئے کہا عدالت کی رائے اس معاملے پر متفق ہے، ہم ججزپابند ہیں کہ قانون کے مطابق فیصلہ کریں،سپریم کورٹ کے ججز کی متفقہ رائے میں کہا گیا ہے خود احتسابی کیلئے انتہائی عاجزی سے ماضی کے غلط اقدامات اور غلطیوں کا سامنا کرنا چاہیے، ماضی کی غلطیوں کو تسلیم کیے بغیر درست سمت میں نہیں جاسکتے،سپریم کورٹ کی رائے میں کہا گیا ہے آرٹیکل 186کے تحت کسی بھی عوامی مفاد سے متعلق قانونی سوال پرصدارتی ریفرنس پررائے دینا ہوتی ہے، ہمارے سامنے سوال تھا سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کو شفاف ٹرائل ملا، سوال تھا بھٹو ٹرائل کے دوران ڈیوپراسس اور فئیر ٹرائل کے تقاضے پورے کئے گئے،عدالتی رائے میں کہا گیا ہے کہ صدارتی ریفرنس سے فوجی آمر ضیاالحق کی حکومت میں بھٹوکی سزائے موت کے ٹرائل کو جانچنے کا موقع ملا، صدارتی ریفرنس بھٹوکی سیاسی جماعت کے دورحکومت میں داخل کیا گیا، اس کے بعد نگراں حکومتوں سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی حکومتیں آئیں لیکن کسی جماعت نے ریفرنس واپس نہیں لیا، یہ اس بات کا اظہار ہے کہ عوام کی خواہش تھی کہ عدالت اس پر اپنی رائے کا اظہار کرے،متفقہ رائے میں کہا گیا ہے ملک کے بڑے قانونی ماہرین کی معاونت سے عدالت اپنی مختصر رائے دیتی ہے، لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں کارروائی آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق آرٹیکل4، 9 10 اے کے مطابق نہیں تھی، آئین وقانون میں ایسا کوئی مکینزم موجود نہیں کہ اس اختیار سماعت میں بھٹو فیصلے کوکالعدم قرار دیا جائے،سپریم کورٹ کی رائے میں کہا گیا ہے کہ بھٹوکیس کا فیصلہ سپریم کورٹ سے نظرثانی مسترد ہونے کے بعد فائنلٹی اختیار کرچکا ہے، یہ سوال کہ کیا ٹرائل کے دوران جومواد و شواہد پیش کیے گئے ان کی بنیاد پربھٹوکوسزائے موت دی جا سکتی تھی، عدالت کی رائے ہے یہ سپریم کورٹ کا مشاورتی اختیار سماعت ہے، اس اختیار سماعت کے تحت عدالت شہادتوں کا دوبارہ جائزہ لےکرفیصلے کوکالعدم قرارنہیں دے سکتی،عدالتی رائے میں یہ بھی کہا گیا ہے عدالت فیئرٹرائل نہ ہونے کے حوالے سے بڑی آئینی و قانونی خامیوں کی تفصیلی وجوہات میں نشاندہی کرے گی، اسلامی تناظرمیں بھٹو ٹرائل کا جائزہ لینے کے سوال پرعدالت کو معاونت فراہم نہیں کی گئی، معاونت فراہم نہ ہونے پرنامناسب ہوگا کہ عدالت قانونی سوال پر اپنی رائے دے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھٹو صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو سمیت پی پی قیادت کو مبارکباد دی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تاریخی غلطی کا ازالہ ممکن نہیں ہے، سنگین غلطی کے اعتراف سے ایک نئی تاریخ اور ایک نئی روایت قائم ہوئی ہے،شہباز شریف نے کہا عدالت سے ہونے والی زیادتی کو عدالت کا درست کرنا مثبت پیش رفت ہے، بھٹوریفرنس میں سپریم کورٹ کی رائے تاریخ کو درست تناظرمیں سمجھنے میں مددگار ہوگی، ماضی کی غلطیوں کی درستگی، تلخیوں کے خاتمے سے قومی اتحاد اور ترقی کا عمل تیز ہوسکتا ہے دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھٹو صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے کو تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا 44 سال بعد تاریخ درست ہونے جارہی ہے،صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے سامنے آنے کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا سپریم کورٹ نے ایک تاریخی فیصلہ سنایا ہے، آصف زرداری کی جانب سے بھیجے جانے والے ریفرنس میں عدالت نے مانا ہے کہ سابق وزیر اعظم ذالفقار علی بھٹو کو فیئر ٹرائل نہیں ملا عدالت نے کہا ماضی کی غلطیوں کو درست کرنے کےلئے فیصلہ سنارہے ہیں،فیصلے سے پاکستان آگے جائے گا اور ترقی کرے گا، بھٹو کو پھانسی دیے جانے کا فیصلہ ایک ایسا داغ تھا جس کی وجہ سے عوام سمجھتے تھے کہ انصاف ملنا مشکل ہوگا، اب ہم تفصیلی فیصلے کے انتظار میں ہیں، جب تفصیلی فیصلہ آئے گا اور ہم وکلا سے مشاورت کرلیں گے تو میں تفصیل سے بات کرسکوں گا، چیئر مین پی پی نے نے جج صاحبان اور وکلا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا فیصلے کے بعد امید ہے نظام صحیح سمت میں چلنا شروع ہوجائے گا ادھر پی ٹی آئی نے ذوالفقار علی بھٹو سے متعلق عدالتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے پر کہاہے اس حقیقت تک پہنچتے پہنچتے کہ انہیں فیئر ٹرائل نہیں ملا سپریم کورٹ کو 50 سال لگ گئے، ترجمان نے کہا اپنے محبوب اور معتبر ترین قائد عمران خان کو فیئر ٹرائل کے بنیادی دستوری حق کی دستیابی کیلئے کیا اب قوم کو مزید 50 سال انتظار کرنا ہوگا،ذوالفقار علی بھٹو کے معاملے میں عدالتی رائے صرف اسی صورت میں معنی خیز ہو سکتی ہے کہ عدالت عظمیٰ آج لاقانونیت کی راہ روکنے کیلئے پوری قوت سے بروئے کار آئے،فراہمی انصاف کا آفاقی اصول ہے ”انصاف میں تاخیر انصاف کا قتل ہے“،ترجمان نے مزید کہاعمران خان اور ان کی اہلیہ سمیت پی ٹی آئی کے اسیر قائدین اور ہزاروں بے گناہ کارکنان کو قید ناحق سے فوراً رہا کیا جائے اور فیئرٹرائلز کے ذریعے ان کے خلاف جھوٹے مقدمات کے فیصلے کئے جائیں۔