فیصل آباد:(صداقت علی )کمشنر سلوت سعید کی زیرصدارت نگہبان رمضان پیکیج پر عملدرآمد کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ گھرانوں کی تصدیق پر جاری اقدامات پر بریفنگ لیتے ہوئے کمشنر نے تصدیق کا کام فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اشیاءکے معیار کی چیکنگ کرے گی جبکہ پولیس سکیورٹی پلان اور ٹرانسپورٹیشن پلان کو فی الفور مکمل کریں،اشیا کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈویژن میں تقریبا 8 لاکھ رجسٹرڈ مستحق گھرانوں کو 10 کلوگرام آٹا،دو کلوگھی،دوکلوچینی،دو کلوچاول اوردو کلوبیسن پر مشتمل پیکٹ فراہم کرنے کے لئے انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں ۔ ماہ صیام میں صارفین کو حکومتی ویژن کے مطابق راشن کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں۔
دریں اثنا کمشنر نے آٹا،چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی پر سخت ایکشن کی ہدایت کی اور کہاکہ صارفین کے لئے مشکلات پیدا کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز مارکیٹ کمیٹی سے میٹنگ کریں اور ماہ صیام میں اشیائے ضروریہ کی قلت نہیں ہونی چاہیے۔
کمشنر نے کہا کہ پرائس کنٹرول میکنزم پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ رواں سال یکم جنوری سے اب تک ڈویژن میں ذخیرہ اندوزی پر47 مقدمات درج،23 ذخیرہ اندوز گرفتار ، 20 گودام، دکانیں سیل اور 18 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔گزشتہ سال 2023ءمیں 147 مقدمات درج اور 55 دکانیں سیل کرنے کے علاوہ ایک کروڑ 29 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔
ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے، کمشنر فیصل آباد
















