کھیل کو انتخابات کا نام کیوں ؟چیف الیکشن کمشنر معافی مانگ کر استعفیٰ دیں:سراج الحق

لاہور: (اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے عوام سوال کر رہے ہیں 8فروری کے کھیل کو الیکشن کا نام کیوں دیا گیا، دھاندلی پرالیکشن کمیشن کو 100سے زائد شکایات درج کرائیں، تاحال ایک کا جواب بھی موصول نہیں ہوا، فارم 45والے سڑکوں پر، 47والوں نے حلف اٹھا لیا، جعلی عوامی مینڈیٹ پر بننے والی حکومت مہنگائی، بے روزگاری میں اضافہ کرے گی۔

منصورہ میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاآئی ایم ایف سے مزید قرضوں کی بھیک کے مطالبات شروع ہو گئے، جماعت اسلامی کی مجلس عاملہ نے الیکشن 2024 کا مکمل جائزہ لے کر مسترد کر دیا، خود کو ملک کا اصل حکمران کہنے والوں کے الیکشن میں کردار پر مجالس میں گفتگو ہو رہی ہے، جماعت اسلامی کو دھاندلی سے ہرایا گیا، کراچی میں سیٹیں چھینی گئیں، حلقوں میں رزلٹس تبدیل کیے گئے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاجمہوریت لوگوں کے فیصلوں کو تسلیم کرنے کا نام ہے، افسوس پاکستان میں ایسی جمہوریت ہے جہاں فیصلے پہلے الیکشن بعد میں ہوتے ہیں، وقت آ گیا ہے تمام سیاسی جماعتیں شفاف الیکشن کے لیے قومی ڈائیلاگ کا آغاز کریں، متناسب نمائندگی کے اصول کو اپنا کر ہی جمہوریت مضبوط ہو سکتی ہے۔