انسداد پولیو مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ


گوجرانوالہ: (بیورورپورٹ) 26 فروری سے شروع ہونے والی قومی انسداد پولیومہم کی تیاریوں کے جائزہ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ/وزیر آباد فیاض احمد موہل کے زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں مائیکرو پلان، انسداد پولیو ٹیموں کی ٹریننگ، ٹرانزٹ پوائنٹس کے قیام، فنگر مارکنگ، ڈور مارکنگ،آگاہی مواد آویزاں کرنے کے حوالےسے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ /وزیر آباد فیاض احمد موہل نے کہا ہے کہ 26 فروری سے یکم مارچ تک ہونے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کو ہر صورت کامیاب بنائیں اوراس بات کو یقینی بنائیں کہ 5 سال سے کم عمر کوئی بچہ پولیو بچاو ویکسین پینے سے محروم نہ رہے۔ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف کے نمائندہ افسران ماسٹر ٹریننرز کی ٹریننگ اچھے طریقے سے کروائی جائے تاکہ مائیکرو پلان کے مطابق ہر گھر ہر بچے تک ٹیمیں پہنچ سکیں۔اس انسداد پولیو مہم کے دوران 10 لاکھ 03 ہزار 128 سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔