اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ نبی کے بعد معاملہ ختم، اب ہمیں ان ہی سے رہنمائی لینی ہے، آپ رحمت اللعالمین اور انسانوں، چرند پرند سب کیلئے رحمت و ہدایت کا سرچشمہ ہیں۔ سپریم کورٹ میں اسلام آبادکے نیشنل پارک ایریا میں وفاقی ترقیاتی ادارے، سی ڈی اے اور وائلڈ لائف بورڈ کے درمیان تنازع کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔ سپریم کورٹ نے نیشنل پارک ایریا میں وفاقی ترقیاتی ادارے، سی ڈی اے اور وائلڈ لائف بورڈ کے درمیان تنازعہ پر سی ڈی اے کو وائلڈ لائف کے ٹریل (Trail) فائیو، ٹریک 6 سمیت تینوں دفاتر واپس کرنے کا حکم دیدیا۔ وائلڈ لائف بورڈ کے وکیل عمر اعجاز نے عدالت کو بتایا سی ڈی اے نے وائلڈ لائف سے مارگلہ ہلز میں تین جگہیں لے لیں، سی ڈی اے کیخلاف نہیں آئے بلکہ چاہتے ہیں ملکر چلیں اور ایک دوسرے کی راہ میں روڑے نہ اٹکائے جائیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا آئین پاکستان کھولیں سب سے پہلے کیا لکھا ہوا ہے؟ سی ڈی اے کے وکیل نے جواب دیا آئین کے آغاز میں لکھا ہے حاکمیت اعلیٰ اللہ کے پاس ہے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے مارگلہ نیشنل پارک بھی اسی میں آتا ہے، انسان کےلئے قرآن پاک میں ”خلیفہ فی الارض“ کا لفظ استعمال کیا گیا، رسول پاک آخری نبی، رحمت اللعالمین اور ہدایت کا سرچشمہ ہیں، ہم انسانوں کو جانوروں، چرند پرند کا خیال رکھنا ہے، کوئی زمین کسی کی نہیں، حاکمیت صرف اللہ کی ہے جو آئین میں لکھا ہوا ہے۔ سماعت کے دوران واقعہ معراج کا ذکر کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا تمام انبیا اور پیغمبروں نے نبیکے پیچھے نماز پڑھی، نبی کے بعد معاملہ ختم، اب ہمیں ان ہی سے رہنمائی لینی ہے، آپ ہدایت کا سرچشمہ ہیں۔ بعدازاں سپریم کورٹ نے نیشنل پارک ایریا میں سی ڈی اے اور وائلڈ لائف بورڈ کے درمیان تنازعہ پر سی ڈی اے کو وائلڈ لائف کے ٹریل فائیو، ٹریل 6 سمیت تینوں دفاتر واپس کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 11 مارچ تک ملتوی کر دی۔دوسری طرف الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط رپورٹنگ سے غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ سپریم کورٹ نے وضاحتی اعلامیہ جاری کردیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ایسا تاثر دیا جا رہا ہے جیسے سپریم کورٹ نے دوسری آئینی ترمیم (مسلمان کی تعریف) سے انحراف کیا، غلط تاثر دیا جا رہا ہے ”مذہب کیخلاف جرائم“ پر مجموعہ تعزیرات پاکستان کی دفعات ختم کرنے کا کہا گیا، فیصلے میں قرار دیا ایف آئی آر کو جوں کا توں درست تسلیم کیا جائے تو دفعات کا اطلاق نہیں ہوتا، مذہب کےخلاف جرائم سے متعلق مجموعہ تعزیرات پاکستان کی دفعات ختم کرنے کا تاثر بالکل غلط ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ایف آر آئی میں الزامات تسلیم بھی کرلیں تو کیس میں فوجداری ترمیمی ایکٹ 1932 کی دفعہ 5 لگتی ہے، فوجداری ترمیمی ایکٹ کے تحت ممنوعہ کتاب کی نشر و اشاعت پر 6 ماہ قید دی جاسکتی ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ موجودہ کیس میں درخواست گزار/ ملزم پہلے ہی ایک سال سے زائد قیدکاٹ چکا، ایک سال سزا کے بعد اسلامی احکام، آئینی دفعات اور قانون و انصاف کے تحت ضمانت پر رہائی کا حکم دیا، افسوس ایسے مقدمات میں جذبات مشتعل ہوجاتے ہیں، اسلامی احکام بھلا دئیے جاتے ہیں۔ سپریم کورٹ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ فیصلے میں قرآن مجید کی آیات اسی سیاق و سباق میں دی گئی ہیں، فیصلے میں غیر مسلم کی مذہبی آزادی سے متعلق جو آئینی دفعات نقل کی گئیں ان میں یہ قید موجود ہے، آئین کے مطابق یہ حقوق ”قانون، امن عامہ اور اخلاق کے تابع“ ہی دستیاب ہوں گے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ آرٹیکل 20 کے مطابق ہر شہری کو اپنے مذہب کی پیروی، اس پر عمل اور اسے بیان کرنےکا حق ہوگا، آرٹیکل 20 کے مطابق ہر مذہبی گروہ، فرقے کو اپنے مذہبی ادارے بنانے، دیکھ بھال اور انتظام کا حق ہوگا، اس نوعیت کے مقدمے ظہیر الدین بنام ریاست میں سپریم کورٹ کا 5 رکنی بینچ تفصیلی فیصلہ دے چکا ہے، سپریم کورٹ کے 5 رکنی بنچ کے فیصلے سے موجودہ فیصلے میں کوئی انحراف نہیں کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس اپنے فیصلوں میں قرآنی آیات اور احادیث شامل کرتے ہیں، چیف جسٹس اپنے فیصلوں میں خلفائے راشدین کے فیصلوں اور فقہائے کرام کی آراءشامل کرتے ہیں۔ چیف جسٹس کوشش کرتے ہیں کہ قوانین کی ایسی تعبیر اختیار کی جائے جو احکام اسلام کے مطابق ہو، یہی پاکستان کے آئین کے آرٹیکل دو،31، 227 اور قانون نفاذ شریعت 1991 کی دفعہ 4 کا تقاضہ ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ فیصلے میں کسی اسلامی اصول کی غلطی ہوئی تو اصلاح اہل علم کی ذمہ داری ہے، کوئی سمجھتا ہے آئینی وقانونی شق کی فیصلے میں غلطی ہوئی تو اصلاح اہل علم کی ذمہ داری ہے، تصحیح اور اصلاح کیلئے آئینی اور قانونی راستے موجود ہیں، چیف جسٹس اور سپریم کورٹ نے کسی کو نظرثانی سے نہ پہلے روکا نہ اب روکیں گے، عدالتی فیصلوں پر مناسب اسلوب میں تنقید بھی کی جاسکتی ہے۔ سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق نظرثانی کا آئینی راستہ اختیار کئے بغیر تنقیدکے نام یا آڑ میں عدلیہ اور ججز کے خلاف منظم مہم افسوسناک ہے، منظم مہم آئین کے آرٹیکل 19 کے مطابق اظہار رائے کی آزادی کے حق کی حدود کی خلاف ورزی ہے، منظم مہم سے پاکستان کے ستون کو نقصان پہنچ سکتا ہے، ستون پر آئین نے لوگوں کے حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری ڈالی ہے۔دریں اثناءنگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی اور معاون خصوصی مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ کچھ لوگ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو تشدد پراکسانے کیلئے استعمال کررہے ہیں، سوشل میڈیا پر کسی کو ججوں کی تضحیک نہیں کرنے دی جائےگی، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو جھوٹ، ہراساں کرنے کےلئے استعمال کیا جاتا ہے، متعلقہ کمپنیوں کو اس معاملے کو روکنا ہوگا، سوشل میڈیا کو پروپیگنڈے کےلئے استعمال کرنے اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، تمام قانونی معاملات عدالتوں میں طے ہوں گے، کسی کو دین کے نام پر انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت اظہار رائے کی آزادی لامحدود نہیں بلکہ قانون کے تابع ہے۔ انہوںنے کہاکہ آرٹیکل 19 کے تحت عدلیہ، مسلح افواج اور برادر ممالک کے خلاف تضحیک آمیز گفتگو کی اجازت نہیں ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ کچھ لوگ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو تشدد پر اکسانے کیلئے استعمال کررہے ہیں، یہ خلاف قانون سرگرمی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ حکومت ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کریگی۔ اس موقع پر حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ سپریم کورٹ کے 6 فروری کے فیصلے کے حوالے سے ہمارا وکلا، علماءکرام اور دیگر فریقین سے ہمارا رابطہ ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت ہر مسلمان کا معاملہ ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہاکہ ہر مسلمان رسول سے محبت رکھتا ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ کچھ لوگوں نے عقیدہ ختم نبوت پر سیاست کی، ابہام دور کر کے انتشار پیدا کرنے والوں کو روکا جائے۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہاکہ ہر کلمہ گو عقیدہ ختم نبوتکا محافظ ہے، شر پھیلانے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ قانونی معاملہ ہے۔علاوہ ازیں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دھمکی آمیز مہم چلانے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ راولپنڈی کے رہائشی ملزم عبدالواسع نے سوشل میڈیا پر چیف جسٹس کی کردار کشی کی اور دھمکیاں دیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کاررروائی کرتے ہوئے چیف جسٹس کیخلاف مذموم مہم چلانے والے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف سوشل میڈیا پر غلیظ مہم چلانے والے دیگر کرداروں کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔
نبی کے بعد معاملہ ختم،آپ سب کیلئے رحمت اللعالمین اور ہدایت کا سرچشمہ ہیں: چیف جسٹس
















