ڈی سی اسلام آباد کی غیرمشروط معافی مسترد، عدالت نے بیرون ملک جانے سے روکدیا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی غیرمشروط معافی مسترد ،اسلام آبادہائیکورٹ نے بیرون ملک جانے سے روک دیا۔

جسٹس بابر ستار نے ڈی سی اسلام آباد کےخلاف توہین عدالت کیس پر سماعت کی ،ڈی سی عرفان نواز میمن عدالت میں پیش ہوئے،جسٹس بابر ستار نے ڈی سی اسلام آباد سے کہا کیا آپ سمجھتے ہیں یہ مذاق ہے، آپ کےخلاف توہین عدالت چل رہی ہے،970 دنوں کےلئے 69 ایم پی او آرڈر جاری کیے ،کیا تمام افراد کے بچے نہیں تھے، عمرے پر نہیں جانا تھا؟ ۔

عدالت نے کہا شوکاز نوٹس جاری کیا ، پیر تک جواب دیں، کیس گزشتہ روز مکمل ہو جانا تھا، آپ کی وجہ سے نہیں ہو سکا، مسٹر میمن کیا آپ کو عدالت کا آرڈر معلوم نہیں تھا؟ ڈی سی اسلام آباد نے موقف اختیار کیا کیس میں 18سماعتیں ہوئیں، کسی سماعت میں غیر حاضر نہیں ہوا، عدالتی حکم عدولی کا سوچ بھی نہیں سکتا ، اپنے آپ کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں،وکیل راجہ رضوان عباسی نے عدالت سے درخواست کی آپ غصے میں ہیں، کیس کی کچھ دیر بعد سماعت کرلیں۔

جسٹس بابر نے کہا کیا اب آپ کی مرضی سے بنچ بنیں گے؟،عدالت کے استفسار پر ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر نے موقف اپنایافوکس لیڈرشپ پرتھا ،جسٹس بابرستار نے استفسار کیا ایک بندہ پہلے ہی جیل میں ہے تواس کےساتھ کیا کریں گے؟ دوبارہ جیل میں ڈالیں گے؟، ایس ایس پی جمیل ظفرنے عدالت سے غیرمشروط معافی مانگ لی،جسٹس بابرستار نے کہا کیس پر آئندہ ہفتے فیصلہ دوں گا، بعد ازاں فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ڈی سی اسلام آباد کی غیرمشروط معافی کی استدعا مستردکرتے ہوئے بیرون ملک جانے سے روک دیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد کوپیر تک شوکازنوٹس کا جواب جمع کرانے کاحکم بھی دےدیا۔