اقوام متحدہ رکنیت کیلئے اسرائیلی اجازت کی ضرورت نہیں: فلسطین
مقبوضہ بیت المقدس (مشرق نیوز) فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کیلئے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے لائسنس یا اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطینی وزارت خارجہ کی طرف سے یہ بیان اسرائیلی حکومت کی طرف سے فلسطینی ریاست کو یکطرفہ طور پر تسلیم نہ کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ۔فلسطینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں مزید کہا کہ تمام ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتے ہیں جن میں امریکی انتظامیہ بھی شامل ہے۔ ہمیں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرانے اور اقوام متحدہ میں اسے رکنیت دلانے کیلئے نیتن یاہو کی اجازت کی ضرورت نہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو نہ صرف فلسطینی ریاست کے قیام کو مسترد کرتے ہیں بلکہ مشرقی یروشلم سمیت مغربی کنارے کے بتدریج الحاق کو بڑھا کر وہاں آباد کاری کو گہرا اور وسعت دیکرفلسطینی ریاست کے امکانات کو تباہ کر رہے ہیں۔
















