بلوچ طلبہ بازیابی کیس: وزیراعظم جواب نہیں دے سکتے تو انہیں عہدے سے ہٹا دینا چاہئے: عدالت

اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ بلوچ طلبہ عدم بازیابی کیس کے سلسلے میں وزیراعظم اور وزرا جواب نہیں دے سکتے تو انہیں عہدے سے ہٹانا چاہئے۔ بلوچ طلبہ عدم بازیابی کیس میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ عدالت کے طلب کرنے کے باجود دوسری بار بھی پیش نہیں ہوئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس میں کہا کہ وزیر اعظم دوسری دفعہ بھی نہیں آئے، نگران وزیراعظم سے پوچھ لیں، ان کو اسلئے بلایا تھا کیونکہ وہ جوابدہ ہیں، سیکرٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم آئی سرکاری ملازم ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ یہ سب افسران جوابدہ ہیں کوئی قانون سے بالاتر نہیں، اپنے ملک کے شہریوں کی بازیابی کیلئے 2 سال لگے۔ نگران وزرا ، سیکرٹری دفاع ، سیکرٹری داخلہ کدھر ہیں؟ اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان عدالت میں پیش ہوئے، جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ 12 لاپتہ طلبہ ابھی بازیاب نہیں ہوئے جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ میری معلومات کے مطابق 8 طلبہ بازیاب نہیں ہوئے۔

جسٹس محسن اخترکیانی نے ریمارکس میں کہا کہ 3 حکومتیں ابھی تک لاپتہ بلوچ طلبہ کی بازیابی کیلئے کچھ نہیں کر سکیں، مسنگ پرسنز کے اور بھی حساس کیسز سنتے ہیں، ریاستی ادارے جبری گمشدگیوں کے ذمہ دار ہیں یا آپ ان افراد کیخلاف کریمنل کیسوں کی تفصیل بتائیں، یہ لوگ خود بھاگ گئے یا کسی تیسرے نے اغوا کیا؟ اس صورت میں پھر ریاستی اداروں کی ناکامی ہے۔