ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام کے مسائل کا نوٹس، شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے، میونسپل کارپوریشن ہائی سٹریٹ پر تجاوزات اور رکشہ سٹینڈز کو فوری ختم کروائے، احکامات جاری کردئیے۔ انہوں نے یہ ہدایت اپنے دفتر میں شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، سیکرٹری آرٹی اے واصف یاسین، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان اور ڈی ایس پی ٹریفک سعید خان لود ھی نے شرکت کی۔کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ ہائی سٹریٹ پر مختلف چوکوں اور جوگی چوک سے مزدورپلی تک ٹریفک کے تسلسل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک اہلکار تمام چوکوں میں موجود رہیں تاکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جائے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے شہر میں سیوریج کے مسائل حل کرنے کیلئے سیوریج لائنوں کی صفائی کے جاری کام کو تیز کرنے کی ہدایت کر دی، کارپوریشن کا عملہ مرحلہ وار تمام سیوریج لائنوں کی صفائی یقینی بنائے، کمشنرساہیوال۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے پسپ پروگرام کے تحت لگائے گئے نئے ٹیوب ویلز چلانے کیلئے مخیر حضرات کا تعاون حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ کارپوریشن کو منتقل ہونے تک ان ٹیوب ویلز کے بجلی بل ادا کئے جا سکیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے شہر میں تجاوزات کے خلاف مہم کو جاری رکھنے اور آوارہ کتوں کی تلفی کی مہم تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی ،سختی سے عملدرآمد کروایا جائے:کمشنر ساہیوال
















