لاہور (خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری ہے اور24گھنٹوں میں مزید383 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،169 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوئے جبکہ ایک ملزم گرفتار کیا گیا ۔ترجمان لیسکو کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں 13 کمرشل، 2 زرعی اور367 ڈومیسٹک تھے جنہیںمنقطع کرکے انکو 2 لاکھ 62 ہزار 646 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت 93لاکھ30ہزار805روپے بنتی ہے۔عزیز پارک کے علاقے میں کنکشن کو7لاکھ67ہزار روپے ،لوئر مال کے علاقے میں کنکشن کو6 لاکھ روپے ،شاد باغ کے علاقے میں ملزم کو2 لاکھ 18 ہزار روپے جبکہ جوہر ٹاﺅن میں ملزم کو2 لاکھ روپے کی رقم چارج کی گئی۔ترجمان کے مطابق151 روز سے جاری مہم کے دوران 51ہزار 726ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،47 ہزار750ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر17ہزار520ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 14 لاکھ 24 ہزار 856 یونٹس چارج کئے گئے جن کی قیمت2ارب 76 کروڑ 54 لاکھ 90 ہزار349روپے بنتی ہے ۔دوسری طرف ترجما ن لیسکو کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے ہیڈ کوارٹر میں جدید ترین سہولیات پر مشتمل بین الاقوامی معیار کے کسٹمر سروسز سنٹرکا افتتاح کردیا ہے۔افتتاح کے بعد چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے کسٹمر سروسز سنٹر کا دورہ کیا اور صارفین کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا ، چیف ایگزیکٹو لیسکو نے کہا ہے کہ صارفین کے تمام مسائل کو ایک ہی جگہ پر حل کرنا ہمیشہ سے ہمارا مشن رہا ہے اور آج اس حوالے سے اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے ،کسٹمر سروسز سنٹر میں فرائض سرانجام دینے والاعملہ صارفین سے خندہ پشانی سے پیش آئے اور جہاں تک ممکن ہو صارفین کی داد رسی کرے ۔ خیال رہے کہ لیسکو ہیڈ کوارٹر میں قائم ہونیوالے کسٹمر سروسز سنٹر میں بلوں کی اقساط ، آخری تاریخ میں توسیع ، مارکیٹنگ سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔
بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری، مزید 169 افراد کیخلاف مقدمات، جرمانے
















