گوجرانوالہ :یوم یکجہتی کشمیر پرمصوری و تقریری مقابلہ

گوجرانوالہ: (بیورورپورٹ ) پنجاب کونسل آف آرٹس گوجرانوالہ ڈویژن کے زیر اہتمام اظہارِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے مقابلہ مصوری و مقابلہ تقاریر اور ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا تھا۔ مقابلہ مصوری میں ڈویژن بھر سے 100 کے قریب طلبہ وطالبات نے شرکت کی اور رنگوں کے استعمال سے کینوس پر کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم وستم کی عکاسی کی۔ مقابلہ تقاریر میں ڈویژن بھر سے 35 سے زائد طلبہ وطالبات نے حصہ لیا۔

مقابلہ مصوری اور مقابلہ تقاریر میں اول،دوئم اور سوئم آنے والے طلبہ و طالبات میں 20 ہزار،15 ہزار اور 10 ہزار کے کیش انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ پروگرام کے مہمان خصوصی چیرمین بورڈ آف مینجمنٹ/صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گوجرانوالہ شیخ فیصل ایوب تھے۔ مہمان خصوصی نے آرٹس کونسل کے اس کامیاب پروگرام کی مبارکباد پیش کی اور کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کو چیمبر کے پلیٹ فارم سے تحائف دینے کا اعلان کیا۔یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شہر بھر سے تعلیمی وسماجی شخصیات اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام کے اختتام پر ریلی بھی نکالی گئی۔مقابلہ مصوری میں بنائے جانے والے فن پارے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کی آرٹ گیلری میں آویزاں کر دی گئیں،چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ شیخ فیصل ایوب نے کہابھارتی ظلم وبربریت کا مقابلہ جموں کشمیر کے بیٹے اور بیٹیاں بہادری سے کر رہے ہیں اور ہم ان کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔