فیصل آباد (بیورو رپورٹ)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا ہے کہ مواخات کے فلسفے سے ہی معاشرے سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے اور اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اخوت سے بھر پور تعاون کرے گا۔ انہوں نے یہ بات اخوت کے چیف کو آرڈی نیٹر ابوبکر سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ بلا سود چھوٹے قرضوں سے غریب طبقہ کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
ڈاکٹر سجاد ارشد نے معاشی اور معاشرتی حوالے سے درپیش چیلنجز کے موثر مقابلے کیلئے اخوت جیسے مزید اداروں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان میں غربت کی شرح 38.5فیصد ہے جبکہ 40فیصد بچے کم بڑھوتری کی بیماری کا شکار ہیں جن کو کھانے کیلئے خوراک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اخوت کی طرف سے نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دینے کو بھی سراہا اور کہا کہ اس وقت ہم سافٹ وئیر کی برآمد سے صرف ڈیڑھ ارب ڈالر کما رہے ہیں جبکہ انڈیا ڈھائی سو ارب ڈالر کما رہا ہے۔ ہم کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ زکوة اخوت کے ذریعے مستحق خاندانوں تک پہنچے۔
اخوت کے چیف کو آرڈی نیٹر ابوبکر نے کہا کہ ڈاکٹر امجد ثاقب بہت جلد فیصل آباد آئیں گے۔بلاسود قرض دینے کی ابتداءبھی فیصل آباد سے کی گئی تھی ۔ پہلی دفعہ 8لاکھ روپے 85خاندانوں میں تقسیم کئے گئے جبکہ اب یہ رقم بڑھ کے ساڑھے بارہ ارب روپے سے بھی تجاوز کر چکی ہے اور 4لاکھ سے زائد خاندان اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کیلئے 50ہزار سے 1لاکھ تک کا بلا سود قرضہ دیا جا تا ہے ۔ انہوں نے چیمبر کے ممبروں سے کہاکہ اگر وہ کسی ایسے شخص کو دیکھیں جو کاروبار کرنا چاہتا ہو تو وہ ضرور اسے اخوت کی طرف بھیجیں۔
مواخات کے فلسفہ سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے، ڈاکٹر سجاد ارشد
















