عام انتخابات ،لاہور ڈویژن میں تیاریوں کا تفصیلی جائزہ، فل ڈریس ریہرسل

لاہور (خبرنگار) کمشنر لاہور علی رندھاوا اور آر پی او شیخوپورہ رینج بابر سرفراز الپا کی زیر صدارت لاہور ڈویژن میں عام انتخابات کے انتظامات کا جائزہ، اجلاس میں شیخوپورہ، ننکانہ اور قصور میں جاری الیکشن انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی سی شیخوپورہ ڈاکٹر وقار خان، ڈی سی قصورمحمد ارشد بھٹی ،ڈی سی ننکانہ ارشد چودھری، ڈی پی اوز شیخوپورہ، نکانہ صاحب، قصور سمیت ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عبدالسلام عارف، ایڈیشنل کمشنر اشتمالیات حامد ملہی و دیگر افسران نے شرکت کی۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا اور آرپی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ شیخوپور، ننکانہ صاحب اور قصور میں الیکشن ڈے سے پہلے مختلف اوقات میں دو روز پوری ڈویژن میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے فلیگ مارچز ہونگے۔ تمام آر اوز پولنگ سٹیشنوں پر مسنگ سہولیات کو دوبارہ چیک کریں۔ ویل چیئرز کیلئے ریمپس بھی چیک کریں۔ الیکشن کے دوران ٹربل رپورٹ فوری آن لائن بھیجیں، پوری انتظامیہ کو بروقت اطلاع ہوگی، کارروائی مربوط ہوگی۔پریزائیڈنگ افسران کے پاس فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیار ہیں۔ تمام محکمے ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ لاہور ڈویژن میں کل 7958 پولنگ سٹیشنوں، شیخوپورہ میں 1412، قصور میں 1519 اور ننکانہ میں 670 پولنگ اسٹیشنز بنیں گے۔ اجلاس میں عام انتخابات کیلئے ٹرانسپورٹیشن و لاجسٹک پلان کے انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی ٹائم لائنز اور ایس او پیز کے مطابق تمام انتظامات مکمل کیے جائیں۔ آرپی او شیخوپورہ رینج نے کہا کہ شیخوپورہ ریجن میں ننکانہ اور قصور میں کل فل ڈریس ریہرسل ہوگی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ آر او سطح پر پولنگ سٹیشنوں کے کاونٹرز بناکر پریزائیڈنگ افسران کو پولنگ سامان مہیا کیا جائیگا۔ شیخوپورہ، ننکانہ اور قصور کے پولنگ اسٹیشنز کے لیے ٹرانسپورٹیشن پلان فائنل ہے۔گاڑیوں کی فٹنیس بھی چیک ہورہی ہے۔ کمشنر لاہور و آرپی او شیخورہ ریجن نے ٹرانسپورٹ فراہمی پلان، پولنگ سکیم، ڈسٹرکٹ کنٹرول رومز اور ڈیوٹی روسٹرز کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ پلان کا تمام ریکارڈ، ڈرائیور، سٹاف اور گاڑیوں کا ریکارڈ اور روٹ پلان آن لائن کیا جائے۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو فوری الیکشن کمیشن، پولیس اور کنٹرول رپورٹ پر رپورٹ کیا جائے۔انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انتخابی میٹریل کی بروقت ترسیل کو یقینی بنایا جائے،پوری تیاری کی جائے۔