انتخابات شفاف بنانے کیلئے الیکشن کمیشن سے ہر ممکن تعاون کرینگے،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے افغانستان میں سیاسی و اقتصادی استحکام کیلئے عالمی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے مستقبل کافیصلہ افغان عوام،قیادت پر منحصر ہے ،تاپی جیسے منصوبوں سے علاقائی روابط کو فروغ اور پورے خطے کو یکساں فائدہ حاصل ہو گا، آزادانہ، منصفانہ و شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

انو ار الحق کاکڑ نے کہاافغانستان یا عوام کو پاکستان کیلئے کوئی خطرہ نہیں سمجھتے، افغانوں کی اپنی ثقافت وسرزمین ہے، سوات و ضرب عضب آپریشن کے بعد کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشتگرد عناصر افغانستان چلے گئے،پاکستان کا آئین بالکل واضح ہے جو بھی مسلح بغاوت کو ترجیح دے گا تکفیری سمجھا جائے گا،ریاست دہشتگرد گروپوں سے مذاکرات نہیں کرے گی۔

دریں اثناسکولوں کےلئے پرائم منسٹرز مائنڈ سپورٹس انیشی اٹیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہانوجوانوں کی ذہنی صلاحیتوں کو بڑھانے والے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے،کھیل مختلف ممالک کے درمیان رابطوں کا ذریعہ ہوتے ہیں، ملک کے ہر سکول میں شطرنج جیسے کھیلوں کی سہولت ہونی چاہیے،انوار الحق کاکڑ نے کہابیرون ملک سے آئے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہیں،یقین دلاتا ہوں عہدے سے الگ ہونے کے بعد بھی شطرنج کے کھیل کے فروغ کےلئے کوشاں رہوں گا۔