ساہیوال:(بےورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق نے تمام اداروں کے سربراہوں پر زور دیا ہے عام انتخابات کے پرامن انعقاد کےلئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں، الیکشن کے سلسلہ میں 7اور8فروری کو تمام ملازمین کی چھٹیوں کو منسوخ کیا جائے۔ وہ اپنے دفتر میں عام انتخابات 2024کی تیاریوں کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید عثمان منیر بخاری، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عطر چودھری، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر خالد عبداللہ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید نیازی، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی سمیت پولیس،ایجوکیشن، بلڈنگ، واپڈا، لوکل گورنمنٹ، لائیوسٹاک و دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر اکرام الحق نے کہا تمام پولنگ سٹیشنوں پرسکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں اور ریسکیو1122کا عملہ تمام سٹیشنز پر موجود رہے۔ انہوں نے پولنگ ڈے پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور بجلی کے متبادل انتظامات کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے تمام تعلیمی اداروں کے سربراہو ںکو ٹیلی فون فنگشنل رکھنے اور اداروں میں اپنی موجودگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
پولنگ سٹیشنوں پرفول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں : اکرام الحق

















