الیکشن مینجمنٹ سسٹم کے استعمال کی کامیاب تجرباتی مشق

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن نے الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کے استعمال کی کامیاب تجرباتی مشق کرلی۔

میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق ملک بھر میں 859 مقامات پر قائم ریٹرننگ افسروں کے دفاتر تجرباتی مشق میں شریک ہوئے،ای ایم ایس کے ذریعے کامیابی سے نتائج کی ترسیل وتدوین مکمل کی گئی۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن نے پیر سے 8300 پر مفت ایس ایم ایس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا،حکام نے کہا ووٹرز 8300 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کرکے اپنے پولنگ سٹیشنز ، حلقوں کی تفصیلات معلوم کر سکتے ہیں۔

مزید برآں الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو پولنگ کے دن لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کر دی،ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے وزرات توانائی کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا،الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا وزرات توانائی ملک بھر میں اعلانیہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گریزاں رہے۔